نیوزی لینڈ کی سپر ایٹ مقابلے میں سری لنکا کو شکست: کیا پاکستان اب بھی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے؟

بابر سلمان

،تصویر کا ذریعہICC via Getty Images

مطالعے کا وقت: 5 منٹ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے ایک اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 61 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کے اپنے امکانات کو مضبوط کر لیا ہے۔ اس میچ کے بعد پاکستان کے اگلے مرحلے تک پہنچنے کے امکانات مزید کم ہوگئے ہیں۔

مچل سینٹنر اور کول مکنچی کی شاندار پارٹنرشپ

بدھ کے روز سری لنکا کے شہر پریماداسا سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے گروپ ٹو کے سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں سری لنکن کپتان دسن شناکا نے ٹاس کر کے نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

ابتدا میں تو سری لنکن کپتان کا پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ درست محسوس ہوا اور پاور پلے کے اختتام تک دونوں کیوی اوپنر پویلین لوٹ چکے تھے جبکہ ٹیم کا مجموعی سکور 44 رنز تھا۔

اس کے بعد آل راؤنڈر راچن روندرا اور گلین فلپس نے ٹیم کو کچھ سہارا دیا۔ تاہم 10ویں اوور میں فلپس کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا اور 13 اوور تک نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 84 رنز کے مجموعی سکور پر گر چکی تھی۔

مچل

،تصویر کا ذریعہGetty Images

اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ شاید نیوزی لینڈ کی ٹیم 130 رنز کا ہدف بھی حاصل نہ کر پائے لیکن کیوی کپتان مچل سینٹنر اور کول مکنچی نے ساتویں وکٹ کی پارٹنرشپ میں 84 رنز جوڑے۔ سینٹنر اننگ کی آخری گیند پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مکنچی 31 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشانہ اور دشمنتھا چمیرا نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے راچن روندرا نے 27 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سری لنکا

،تصویر کا ذریعہICC via Getty Images

سری لنکا کی ناکام بیٹنگ

سری لنکا کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور پہلی ہی گیند پر ان کے اوپنر پتھم نسنکا کو میٹ ہنری نے بولڈ کر دیا۔

پاور پلے کے اختتام تک سری لنکا محض 20 رنز بنا پائی جبکہ اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

اس کے بعد کیوی بولرز نے سری لنکن بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا اور دسویں اوور کے اختتام تک سری لنکا چار کھلاڑیوں کے نقصان پر صرف 45 رنز بنا سکی۔

سری لنکا اننگز کے اختتام تک آٹھ وکٹوں کے نقصان پر محض 107 رنز ہی بنا سکی۔

سلمان علی آغا اور مائک ہسن

،تصویر کا ذریعہICC via Getty Images

کیا پاکستان اب بھی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے؟

مواد پر جائیں
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مواد پر جائیں

اس جیت کے بعد جہاں نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بہتر ہو گئے ہیں وہیں سری لنکا اس ایونٹ سے باہر ہو گیا ہے۔

گروپ ٹو میں شامل پاکستان، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ اب تک اپنے دو، دو میچز کھیل چکے ہیں جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کچھ یوں ہے:

انگلینڈ اپنے دونوں میچوں میں کامیابی کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے دو میچوں کے بعد تین پوائنٹس ہیں۔

پاکستان کے بھی دو میچز ہو چکے ہیں جن میں سے ایک میں اسے انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کھانی پڑی تھی جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف اس کا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

اس وقت پاکستان کا ایک پوائنٹ ہے۔ پاکستان اسی صورت سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے کہ اگر جمعے کے روز ہونے والے میچ میں انگلینڈ نیوزی لینڈ کو ایک بڑے مارجن سے ہرا دے اور دوسری طرف پاکستان سنیچر کو سری لنکا سے جیت جائے۔

تاہم اس صورت میں بھی گروپ ٹو سے سیمی فائنل میں جانے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔ اس وقت نیوزی لینڈ کا رن ریٹ 3.050 ہے جبکہ پاکستان کا رن ریٹ منفی 0.461۔

بظاہر تو ایسا لگتا ہے کہ اب پاکستان کا سیمی فائنل تک پہنچنے کا خواب ادھورا ہی رہ جائے گا۔

سوریا کمار

،تصویر کا ذریعہAFP via Getty Images

سپر ایٹ کے گروپ ون کی صورتحال

سپر ایٹ کے گروپ ون کی صورتحال ابھی کچھ واضح نہیں۔

گروپ ون میں شامل انڈیا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے نے ابھی صرف ایک، ایک میچ ہی کھیلا ہے جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے دو، دو پوائنٹس ہیں۔

انڈیا جنوبی افریقہ کے ہاتھوں اور زمبابوے ویسٹ انڈیز سے شکست کے بعد بغیر کسی پوائنٹ کے بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن پر ہیں۔

جمعرات کے روز انڈیا کے شہر احمد آباد میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا جس کے بعد گروپ ون سے بھی ایک سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ ہو جائے گا۔ دوسری جانب انڈیا اپنا سپر ایٹ مرحلے کا دوسرے میچ زمبابوے کے خلاف چنائے کھیلے گی۔

دوسری جانب انڈیا کو اپنے نیٹ رن ریٹ کے خسارے پر قابو پانے کے لیے ویسٹ انڈیز کو ایک بڑے مارجن سے شکست دینی ہو گی۔ جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد انڈیا کا رن ریٹ منفی 3.800 ہے۔