تیل کی نئی قیمت135 ڈالر فی بیرل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عالمی منڈی میں تیل کی قیمت ایک سو پینتیس ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔گزشتہ ایک سال میں تیل کی قیمت ایک سو فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مئی دو ہزار سات میں ایک بیرل تیل کی قیمت پینسٹھ ڈالر تھی جو اب بڑھ کر ایک سو پینتیس ڈالر ہو چکی ہے۔ تیل برآمد کرنے والوں کی تنظیم اوپیک کے سربراہ نے کہا ہے کہ جن ملکوں سے تیل نکالا جاتا ہے وہ عالمی منڈی میں اس کے بھاؤ کو کم کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں کرسکتے۔ اوپیک کے سیکریٹری جنرل عبداللہ البدری نے کہا کہ سٹے بازوں اور کمزورامریکی ڈالر کی وجہ سے بھاؤ اونچے سے اونچا جا رہا ہے۔ اُدھر امریکہ میں توانائی کے امور کے وزیر ڈینس بوڈمین نے سیاست دانوں کی اس اپیل کو رد کردیا کہ امریکہ نے اپنی فوجی اور ہنگامی ضرورت کے لیے تیل کا جو ذخیرہ کر رکھا ہے اس میں سے کچھ بازار میں لے آئے تاکہ بھاؤ نیچے آسکے۔ برطانیہ کے وزیر اعظم گارڈن براؤن کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ اپنے عالمی دوستوں سے ملکر تیل پیدا کرنے والی تنظیم اوپیک کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ تیل کی پیداوار بڑھا دیں۔ گارڈن براؤن کی ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم جی ایٹ اور یورپی یونین کے اجلاسوں میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمت سے پیدا ہونے والی صورتحال کو اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ گارڈون براؤن کی طرف سے اوپیک ممالک کو تیل کی پیداوار بڑھانے پر قائل کرنے کی کوششوں کا کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکلےگا اور ضرورت اس امر کی ہے کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ تیل کی اضافی آمدن کو تیل کے کارخانوں، پائپ لائنوں اور تیل کے کنوؤں کو بہتر بنانے پر خرچ کریں۔ پچھلے ہفتے امریکی صدر جارج بش نے سعودی عرب سے تیل کی پیداوار بڑھانے کے لیے کہا تھا جس کو سعودی عرب نے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کی وجہ سے ہوائی سفر مہنگا ہو چکا ہے اور بعض فضائی کمپنیوں نے اپنی پروازوں کو کم کرنے اور مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنا شروع کر دیا ہے۔ فرانس کی فضائی کمپنی، ائر فرانس ۔کے ایل ایم نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ 2008 کا سب سے بڑا چیلنج بن کر پر سامنے آیا ہے۔ امریکہ کی سب سے بڑی آئر لائن نے اپنے حصص کی قدر میں پچیس فیصد کمی کے بعد بڑے پیمانے پر پروازیں کم کرنےاور ملازمین کو فارغ کرنےکا اعلان کیا ہے امریکن ائرلائنز نے پچھترطیاروں کوگراونڈ کرنے کے علاوہ اندرون ملک فلائٹ کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ائیر لائن نے کہا ہے کہ مسافروں کے سامان کی جانچ پڑتال کے عوض علیحدہ چارج کرے گی۔ گولڈمین سیکسس کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث خام تیل کی قیمت چھ ماہ سے دو سال کے اندر دو سو ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔ گولڈمین سیکسس کی رپورٹ کے مطابق تیل کی بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث امکان ہے کہ چھ ماہ سے دو سال کے اندر تیل کی قیمت دو سو ڈالر ہو سکتی ہے۔ | اسی بارے میں سعودیہ پیداوار بڑھانے کو تیار نہیں16 May, 2008 | آس پاس پیٹرول کی قیمت میں پھراضافہ01 May, 2008 | پاکستان تیل پھر مہنگا کرنا پڑے گا:وزیر خزانہ26 April, 2008 | پاکستان تیل کی نئی قیمت 111 ڈالر فی بیرل13 March, 2008 | آس پاس آسٹریلیا’عراق میں تیل کے لیے ہے‘05 July, 2007 | آس پاس سونے اور تیل کی قیمت میں اضافہ03 January, 2008 | آس پاس پاکستانی معیشت، بحرانوں کی زد میں11 January, 2008 | پاکستان تیل ’200 ڈالر فی بیرل ہوسکتا ہے‘07 May, 2008 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||