مشرق وسطیٰ امن مذاکرات کی تجویز | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی صدر جارج بش نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات کی از سر نو بحالی پر بات کے لیے بین الاقوامی اجلاس بلایا جائے۔ ان کا تجویز کردہ یہ اجلاس اس سال کے اختتام پر ہوگا جس میں امریکہ، اسرائیل اور اس کی کچھ پڑوسی ریاستیں شامل ہوں گی۔ امریکی وزیر خارجہ کونڈو لیزا رائس اس بات چیت کی سربراہی کریں گی۔ وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر جارج بش نے فلسطین کے صدر محمود عباس کی حکومت کے لیے 95 ملین پونڈ یا بیس کروڑ ڈالر کی ہنگامی امداد کا بھی اعلان کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں فلسطین کی شدت پسند تنظیم حماس نے محمود عباس کی الفتح پارٹی سے غزہ کا کنٹرول چھین لیا تھا۔ حماس نے امریکی صدر جارج بش کی تجویز کردہ کانفرنس کی مذمت کی ہے۔ امریکی صدر جارج بش کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کا چار رکنی ثالثی گروپ جس میں امریکہ، روس، یورپی یونین اور اقوام متحدہ شامل ہیں، امن کے فروغ کے لیے صدر محمود عباس کی حکومت کو مستحکم بنانے میں کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا:’ ہم ان (محمود عباس) کی مدد کرسکتے ہیں تاکہ وہ دنیا، مشرق وسطیٰ اور اسرائیل پر یہ ثابت کر سکیں کہ فلسطینی ریاست ان کے لیے خطرہ نہیں بلکہ ان کی حلیف ہوگی۔ ہم ان کی مدد کر سکتے ہیں تاکہ وہ فلسطینیوں کے سامنے یہ واضح کرسکیں کہ تشدد کو مسترد کرنا ہی تحفظ اور ایک بہتر زندگی کا یقینی راستہ ہے‘۔
امریکی صدر نے اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ محمود عباس کی سربراہی میں قائم فلسطینی حکومت کو ٹیکس ریونیو دینے کا عمل جاری رکھے۔ انہوں نے امدادی رقم بڑھانے پر غور کے لیے امداد دینے والے ممالک جن میں عرب ریاستیں جیسے سعودی عرب، اردن اور مصر شامل ہیں، کا اجلاس بلانے کو بھی کہا ہے۔ صدر بش کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے لیے واضح چناؤ کا لمحہ آ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی محمود عباس کے نظریے پر چلتے ہوئے اپنی الگ ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر کرسکیں گے یا پھر وہ حماس کے تشدد پر مبنی نظریے کو منتخب کرکے ممکنہ آزادی کے اس خواب کو ’کچل‘ دیں گے۔ اس سے قبل فلسطین کے صدر محمود عباس پہلے ہی اسرائیل کے ساتھ امن مذاکرات کی بحالی کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اعتماد سازی سے متعلق اقدامات پر بات کرنے کو تیار ہیں تاہم دونوں ممالک کے درمیان بنیادی متنازعہ معاملات پر کوئی بات نہیں ہو گی۔ پیر کو اسرائیل نے کہا تھا کہ وہ محمود عباس کی حکومت کے ساتھ جذبہ خیر سگالی کو بڑھانے کے لیے 250 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردے گا۔ |
اسی بارے میں ’فلسطین: مذاکرات میں پیش رفت‘04 February, 2007 | آس پاس فلسطینی تشدد کی پرزور مذمت15 June, 2007 | آس پاس منجمند فلسطینی ٹیکس فنڈ بحال24 June, 2007 | آس پاس حماس سے مذاکرات کی اپیل05 July, 2007 | آس پاس فلسطینی قیدیوں کی رہائی کامعاہدہ08 July, 2007 | آس پاس یروشلم: فلسطین اسرائیل بات چیت09 July, 2007 | آس پاس نئی فلسطینی کابینہ،اسرائیلی ردعمل17 March, 2007 | آس پاس | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||