حملے نہیں رکیں گے: ایہود اولمرت | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اسرائیلی وزیراعظم ایہود اولمرت کا کہنا ہے کہ اسرائیل لبنان میں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے تاہم یہ اسرائیل پر راکٹ حملوں کے مکمل خاتمے کی ضمانت نہیں ہے۔ جنوبی لبنان میں اسرائیل کی جانب سے تیس کلومیٹر چوڑا سکیورٹی زون قائم کرنے کے اعلان کے بعد پورے سرحدی علاقے میں لڑائی جاری ہے۔ ایہود اولمرت کے ہی اس بیان کے بعد کہ علاقے میں بین الاقوامی امن فوج کی تعیناتی تک اسرائیلی فوج حزب اللہ کے خلاف جنگ جاری رکھے گی حزب اللہ نے کسی ایک دن میں اسرائیلی شہروں پر سب سے زیادہ راکٹ فائر کیئے ہیں۔ بدھ کی رات تک ایک سو نوّے سے زائد راکٹ فائر کیئے جا چکے ہیں اور حیفہ کے نزدیک نہاریہ میں ایک اسرائیلی گھر حزب اللہ کے راکٹ حملے کا نشانہ بنا ہے جس سے ایک شہری ہلاک اور چالیس زخمی ہوئے ہیں۔ حزب اللہ نے پہلی مرتبہ خیبر ون نامی میزائل بھی فائر کیا ہے جو اسرائیلی سرحد کے اندر ستر کلومٹیر کے فاصلے پر واقع بیت شین کے مقام پرگرا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ حزب اللہ کی جانب سے پھینکے جانے والے راکٹ اور میزائل مغربی کنارے کے علاقے تک پہنچے ہیں۔
اسرائیلی فوجی ذرائع نے اس میزائل کے گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دراصل یہ میزائل ایران کے فجر فائیو میزائل کی ترمیم شدہ شکل ہے۔گزشتہ ہفتے حزب اللہ کا ایک راکٹ اسرائیل کے اندر پچاس کلومیٹر کے فاصلے پر گرا تھا۔ اس دوران حزب اللہ نے دعوی کیا ہے کہ اس نے رب سناتین کے مقام پر دو اسرائیلی ٹینک ناکارہ کر دیئے ہیں جبکہ گزشتہ روز ایتا الشعاب میں بھی تین اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ 25 زخمی ہوگئے تھے۔ لبنان کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 750 لبنانی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ انیس شہریوں سمیت چوّن اسرائیلی حزب اللہ کے راکٹ حملوں میں ہلاک ہوئے ہیں۔ اسرائیل نے دعوٰی کیا ہے کہ بدھ کو ہونے والی لڑائی میں اب تک حزب اللہ کے بیس چھاپہ مار ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیل نے بدھ کی صبح سیدون کے شمال مغرب میں صلبہ کے مقام پر لبنانی فوجی چوکی پر بھی بمباری کی جس میں تین لبنانی فوجی ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
ادھر علی الصبح مشرقی لبنان میں سرحد سے سو کلو میٹر کے فاصلے پر واقع وادی بقا کے گاؤں بعلبک پر اسرائیلی حملوں اور کمانڈو کارروائی کی مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے رات بھر میں بعلبک پر متعدد فضائی حملے کیئے جس کے نتیجے میں لبنانی سکیورٹی درائع کے مطابق ایک ہی خاندان کے پانچ افراد سمیت گیارہ افراد ہلاک ہوئے۔ حملوں کے بعد متعدد ہیلی کاپٹروں پر سوار اسرائیلی کمانڈوز بعلبک کے مضافات میں جمالیہ نامی علاقے کے قریب اترے۔ یہ کارروائی ان اطلاعات پر کی گئی کہ دو زیرِ تحویل اسرائیلی فوجیوں کو یہاں علاج کے لیئے لایا گیا ہے۔ اسرائیلی کمانڈوز کوفوجی تو نہیں ملے تاہم وہ پانچ افراد کواپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ یہ پانچوں حزب اللہ کے اہم چھاپہ مار ہیں جبکہ حزب اللہ کے ذرائع کا اصرار ہے کہ پکڑے جانے والے تینوں عام شہری ہیں جن میں سے ایک کی عمر ساٹھ سال کے لگ بھگ ہے۔ |
اسی بارے میں حزب اللہ :اسرائیلی دعوے کی تردید02 August, 2006 | آس پاس ’لبنان حل کیلیے اختلافات بھلا دیں‘02 August, 2006 | آس پاس لبنان: امدادی کاموں میں تعطل 02 August, 2006 | آس پاس حزب اللہ کارکن پکڑنے کا دعویٰ02 August, 2006 | آس پاس بنت جبیل پر کیا بیتی01 August, 2006 | آس پاس اسرائیلی فوج بعلبک میں01 August, 2006 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||