 |  لنکاشائر پولیس نے دو مشتبہ ٹرین مسافروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ |
لندن پر پچھلے ہفتے ہونے والے ناکام حملوں کے سلسلے میں گرفتار ہونے والے افراد میں سے دو کو پولیس نے لندن آنے والی ٹرین سے گرفتار کیا۔ اطلاعات کے مطابق لنکاشائر پولیس نے لندن کی طرف سفر کرنے والے دو مشتبہ افراد کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔ یہ ٹرین نیو کاسل سے لندن کے گنگ کراس سٹیشن آ رہی تھی۔ ٹرین میں سوار دو پولیس افسروں کی اطلاع پر ٹرین کو برطانیہ کے وقت کے مطابق منگل کی رات گیارہ بجے گرانڈہم کے سٹیشن پر روک کر تمام لوگوں کو ٹرین سے اتار لیا گیا۔ دو گھنٹے کی تاخیر کے بعد ٹرین کو جانے کی اجازت مل گئی لیکن ٹرین سے دو لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ٹرین کے ایک مسافر نے بی بی سی کو بتایا کہ ٹرین جب روکی گئی تو مسافروں کو بتایا گیا کہ ریلوے لائن پر کوئی مسئلہ ہے لیکن تھوڑی دیر بعد ہر طرف پولیس اور سراغ رساں کتے نظر آ رہے تھے۔ جو شپلی نے بتایا کہ ٹرین کو روکے جانے پر ایک ’عجیب خاموشی‘ تھی اور مسافر غصے میں ہونے کی بجائے خوش نظر آ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ان دو افراد کو دیکھا جن کو پولیس نے ٹرین سے گرفتار کیا اوریہ دونوں غالباً ٹرین پر پہلے چڑھے تھے۔
|