افغانستان:لاپتہ فوجی کی تلاش جاری | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
افغانستان میں امریکی فوجی افسران کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے لاپتہ ہونےوالے فوجی کی تلاش جاری ہے۔ طالبان کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی خصوصی افواج کا یہ فوجی ان کی قید میں ہے اور انہوں نےاسے مارنے کی دھمکی بھی دی ہے۔ لیکن امریکی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طالبان کے اس دعوے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ یہ لاپتہ فوجی امریکی بحریہ کی اس یونٹ میں شامل تھاجو افغانستان میں لاپتہ ہو گئی تھی۔ اس یونٹ کے دو رکن بعد میں مردہ پائے گئے تھے جبکہ ایک کو بچا لیا گیا تھا۔ امریکی فوجی ترجمان لیفٹیننٹ سنڈی مور نے کہا کہ وہ کنڑ کے علاقے میں لاپتہ فوجی کو تلاش کر رہے ہیں اور وہ یہ تلاش جاری رکھیں گے۔ اطلاعات کے مطابق سینکڑوں امریکی اور افغانی فوجی لاپتہ اہلکار کی تلاش میں صوبے کی پہاڑیوں میں گھوم رہے ہیں۔ زمینی یونٹ کی مدد کے لئے بھیجا جانے والا ایک امریکی چنوک ہیلی کاپٹر پہلے ہی گر کر تباہ ہو چکا ہے جس میں 16 فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔طالبان کا کہنا ہے کے یہ ہیلی کاپٹر انہوں نے گرایا تھا۔ 2001 میں طالبان کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے اب تک پہلی مرتبہ کسی ایک واقعہ میں اتنے امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ طالبان کے ترجمان ملا عبدا لطیف حاکم کا کہنا ہے کہ لاپتہ فوجی ان کی قید میں ہے۔ان کا کہنا ہے کہ یہ فوجی ایک امریکی ہے اور حملہ آور ہے۔ کنڑ صوبے میں امریکی بمباری میں 17 شہری ہلاک ہو گئے تھے جن میں عورتیں اور بچے شامل تھے۔ امریکہ نے ان ہلاکتوں پر افسوس ظاہر کیا تھا۔ حالیہ مہینوں میں جنوب مشرقی افغانستان میں طالبان اور ان کے اتحادیوں کی سرگرمیوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے ستمبر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں رخنہ ڈالنے کا عہد کیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||