لاپتہ فوجیوں کے بارے میں تشویش | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
افغانستان میں لاپتہ ہونے والی امریکی سپیشل فورسز کی ٹیم کے بارے میں تشوش بڑھ رہی ہے۔ یہ ٹیم منگل کے روز سے لاپتہ ہے اور اسے ڈھونڈنے کے لیے بھیجے گئے چنوک ہیلی کاپٹر کو بھی مار گرا دیا گیا تھا جس میں سولہ امریکی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ امریکی فوج نے کہا ہے لاپتہ ہونے والی ٹیم کو ڈھونڈنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے اور ہر طرح کے طریقۂ کار، جس میں بغیر پائلٹ کے پرواز کرنے والے خصوصی طیارے بھی شامل ہیں، بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ تاہم خراب موسم ان کی کوششوں میں کافی رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔ کنڑ میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے پہاڑی راستے اور بھی دشوار گزار ہو گئے ہیں اور ہیلی کاپٹروں کی پروازوں کو بھی معطل کرنا پڑا ہے۔ طالبان شدت پسندوں کے لیے کام کرنے کا دعویٰ کرنے والے افراد نے کہا ہے کہ ایک امریکی فوجی ان کے قبضے میں ہے لیکن انہوں نے اس کا کوئی ثبوت نہیں دیا ہے۔ ابھی تک یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ پکڑا جانے والا ہیلی کاپٹر سے زندہ بچ جانے والا فوجی ہے یا وہ لاپتہ ہونے والی ٹیم کا کوئی ممبر ہے۔ تاہم امریکی فوج نے پہلے بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر میں سترہ افراد سوار تھے اور اس کے بعد سولہ لاشیں ملنے کی تصدیق کی تھی۔ امریکی فوج نے طالبان کے اس دعوے پر کوئی بھی بیان دینے سے انکار کیا ہے کہ ان کے قبضے میں امریکی فوجی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||