 |  اطلاعات کے مطابق اس کارروائی میں چار سو فوجی اور نیم فوجی دستوں نے حصہ لیا۔ |
افغان حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ قندھار میں ایک مشترکہ کارروائی کے دوران 32 طالبان ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی اطلاعات میں ہلاک ہونے والے طالبان جنگجوؤں کی تعداد گیارہ بتائی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس کارروائی میں چار سو فوجی اور نیم فوجی دستوں نے حصہ لیا۔ قندھار کے اعلیٰ ترین پولیس افسر جنرل محمد سلیم احساس کے مطابق افغان اور امریکی فوجوں نے مشترکہ کارروائی میں حصہ لیا۔ پولیس افسر کے مطابق زمینی دستوں کو امریکی جنگی جہازوں کی مدد حاصل تھی۔ یہ فوجی کارروائی منگل کی صبح قندھار کے میاں شین ضلع میں کی گئی۔ پولیس افسر کے مطابق اکیس طالبان جنگجو ہوائی حملے میں ہلاک ہوئے جبکہ گیارہ طالباں بندوق بردار فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے۔ تاہم طالبان کے ترجمان مفتی لطیف اللہ حکیمی نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے اور کہا کہ کارروائی میں کوئی طالبان جنگجو ہلاک نہیں ہوا۔ انہوں نے افغان حکومت کے دعویٰ کو بے بنیاد قرار دیا۔ |