عراق: جنرل سمیت چودہ ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں جمعرات کے دن دو امریکی فوجیوں سمیت چودہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ عراقی فوج کے ایک جنرل، پولیس کے ایک کرنل کے علاوہ ایک کار بم کے دھماکے میں کم از کم دس شہری مارے گئے۔ بغداد کے ایک بازار جدیدہ میں کار بم دھماکے میں دس افراد کے علاوہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ دھماکے سے کئی دکانیں بھی تباہ ہوگئیں۔ مقامی پولیس تحقیقات کر رہی ہے کہ کار بم کا دھماکہ کرنے والےحملہ آور کس کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ اسی دوران امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ عراق کے شمال مغرب میں ایک فوجی گاڑی کے بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے دو امریکی فوجی ہلاک اور چودہ زخمی ہوگئے ہیں۔ گزشتہ روز ملک بھر کے تشدد میں ستر سے زائد افردا ہلاک ہوئے۔ جمعرات کو علی الصبح دارالحکومت بغداد میں عراق کی نئی فوج کے ایک جنرل کو مزاحمت کاروں نے گولیاں مار کر ہلاک کردیا ہے۔ بغداد پولیس کے مطابق بریگیڈیئر جنرل ایاد عماد مہدی کو اس وقت گولی ماری گئی جب وہ جمعرات کی صبح شہر کے مغربی حصے ’جہاد‘ میں واقع اپنے گھر سے وزارت دفاع جانے کیلئے روانہ ہو رہے تھے۔ جنرل ایاد مہدی کی گاڑی پر ان کے گھر کے قریب مخالف سمت سے آنے والی دو گاڑیوں میں سوار مزاحمت کاروں نے گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔ عراقی جنرل کو یرموک ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔ اس واقعہ کے ایک گھنٹے بعد بغداد پولیس کے ایک افسر کرنل فاضل محمد مبارک کو بھی ایک الگ واقعہ میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ہے۔ مزاحمت کاروں نے ان کی گاڑی کو روک کر ان پر کئی گولیاں چلائیں اور اس کے بعد وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ عراق میں پولیس اور سیکیورٹی کے اہلکار مزاحمت کاروں کے حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں ۔ مزاحمت کار گاڑیوں میں سوار اہلکاروں کو گولیوں یا خود کش حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس دوران آسٹریلیا کے صحافی ڈگلس ووڈ کو یرغمال بنانےوالوں نے اپنے مطالبات کیلئے حتمی تاریخ میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ یرغمالیوں نے کہا تھا کہ آسٹریلیا عراق سے منگل تک اپنی فوجیں واپس بلا لے۔ انھوں نے بہرحال یہ اعلان نہیں کیا تھا کہ ان کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر وہ یرغمالی آسٹریلوی صحافی کے ساتھ کیا سلوک کریں گے۔ آسٹریلیا پہلے ہی ان کا مطالبہ مسترد کرچکا ہے۔ آسٹریلیا کے مسلمانوں کے رہنما شیخ تاج الدین الہلالی ڈگلس ووڈ کی رہائی کیلئے عراق پہنچے ہوئے ہیں۔ انھوں نے حتمی وقت میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یرغمالیوں نے تاوان کا مطالبہ تو نہیں کیا مگر رقم انھیں اپنے فیصلے پر غور کرنے پر راضی ضرور کرے گی۔ اس وقت عراق میں کئی غیر ملکی افراد یرغمال ہیں جن میں جاپانی ٹھیکیدار کے علاوہ کئی یورپی صحافی بھی شامل ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||