موسیقی کی دکانوں میں دھماکے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ کے ایک بازار میں کل رات دھماکے سے موسیقی کی تین دکانیں تباہ جبکہ سات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے کی وجہ فوراً معلوم نہیں ہو سکی لیکن خیال ہے کہ دھماکے کا بظاہر ہدف موسیقی کی دکانیں ہی تھیں۔ میران شاہ سے موصول اطلاعات کے مطابق زوردار دھماکہ جمعرات کی رات ایک بجے کے قریب شہر کی گھڑی منڈی میں ہوا۔ دھماکے سے تین دکانیں مکمل طور پر تباہ جبکہ سات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ ان دکانوں میں ریڈیو، ٹیپ ریکارڈز، سی ڈیز اور گھڑیوں کی مرمت اور خرید و فروخت ہوتی تھی۔ یہ واقعہ گزشتہ ہفتے میران شاہ بازار میں نامعلوم افراد کی جانب سے اس پمفلٹ کی تقسیم کے بعد پیش آیا ہے جس میں وی سی آر اور سی ڈیز کا کاروبار کرنے والے اور ہوٹلوں اور ریسٹورانٹ میں فلمیں دکھانے والوں کو متنبہ کیا گیا تھا کہ وہ یہ کاروبار بند کر دیں۔ دستی پیغام میں پانچ روز کے بعد ایسا نہ کرنے والوں پر واضع کیا گیا تھا کہ نقصان کی ذمہ داری ان پر ہوگی۔ خط میں اس پیغام کو اہمیت نہ دینے کے صورت میں نقصانات سے خبردار بھی کیا گیا تھا۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ دھماکہ اسی پیغام کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی انتظامیہ نے تحقیقات شروع کر دی ہیں لیکن ابھی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ قبائلی علاقے مذہبی اعتبار سے کافی قدامت پسند واقعے ہوئے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||