 |  ان حملوں سے پانچ ماہ پہلے تک کئی بار ووارننگ دی گئی تھی: رپورٹ |
امریکہ میں گیارہ ستمبر کے حملوں کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کا کہنا ہے کہ امریکہ میں ہوابازی کے محکمے کو ان حملوں سے پہلے کئی مرتبہ خبردار کیا گیا تھا لیکن ان وارننگز کو نظر انداز کیا گیا۔ کمیشن کے مطابق فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کو انٹیلی جینس اداروں نے القاعدہ سے متعلق باون ایسی رپورٹیں دیں تھیں جن میں ممکنہ حملوں کے بارے میں خبردار کیا گیا تھا۔ کمیشن نے اپنی رپورٹ میں ایسی پانچ انٹیلی جینس رپورٹیں جن میں ہوا بازی کے حکام کو ممکنہ ہائی جیکنگ سے متعلق اور دو ایسی رپورٹیں جن میں خود کش حملوں سے متعلق خبردار کیا گیا تھا، شامل کی ہیں۔ لیکن ہوابازی کے ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ ان رپورٹوں سے ان حملوں کو روکنے کے سلسلے میں کوئی مدد نہیں مل سکی تھی۔ گیارہ ستمبر حملوں کی تحقیقات کرنے والے کمیشن ، جس کی رپورٹ کے کچھ حصے پچھلے سال جولائی میں شائع ہوگئے تھے، کا کہناہے کہ ان حملوں سے پانچ ماہ پہلے ایسی کئی ووارننگز جاری کی گئیں تھیں۔ رپورٹ کے مطابق ہوا بازی کے محکمے میں سیکورٹی خطرات کو سمجھنے میں خاصی کوتاہی کی جبکہ محکمے کا کہنا ہے کہ انہیں ممکنہ حملے روکنے کے لئے ایسی کوئی مخصوص معلومات فراہم نہیں کی گئی تھیں جو مددگار ثابت ہوتیں۔ کمیشن کی رپورٹ جمعرات کو نیو یارک ٹائمز میں چھہنے کے بعد نیشنل آرکائیو کے محکمے کو فراہم کردی گئی ہے۔ |