’کیرالہ میں گائے کا گوشت سیکولر ہے‘

بیف فرائی کیرالہ میں سب سے مقبول ترین ڈش ہے
،تصویر کا کیپشنبیف فرائی کیرالہ میں سب سے مقبول ترین ڈش ہے
    • مصنف, دیویا آریا
    • عہدہ, بی بی سی نیوز

بھارت میں گائے کے گوشت کے لذیذ پکوان، اس بات پر شاید ہی کچھ لوگ یقین کر پائیں لیکن ایسے لوگ کبھی کیرالہ نہیں گئے ہوں گے۔

کیرالہ جنوبی بھارت کی وہ ریاست ہے جہاں لوگ گائِے کا گوشت بہت پسند کرتے ہیں خاص طور پر بھُنا ہوا گائے کا گوشت۔

کیرالہ میں گائے کا گوشت بہت مقبول ہے اور بتایا جاتا ہے کہ سب سے لذیذ بیف سڑک کے کنارے چھوٹی چھوٹی دکانوں میں ملتا ہے۔

ویسے جب تک اس کی للچا دینے والی خوشبو آپ تک نہیں پہنچتی تب تک آپ بڑی آسانی سے ان دکانوں کو نظر انداز کر سکتے ہیں لیکن جیسے ہی بیف کے ان مصالحوں کی بھنی ہوئی خوشبو آپ تک پہنچے گی آپ خود کو روک نہیں پائیں گے۔

میں ایسی ہی ایک دکان پر پہنچی جو پاپوٹی ہوٹل کے نام سے مشہور ہے۔ آپ کے اس دکان پر جانے کا یہ مطلب سمجھا جاتا ہے کہ آپکو بیف فرائی کھانا ہے۔

کیرالہ میں باہر سے آنے والے زیادہ تر لوگ بیف کری کے شوقین ہوتے ہیں
،تصویر کا کیپشنکیرالہ میں باہر سے آنے والے زیادہ تر لوگ بیف کری کے شوقین ہوتے ہیں

میرے میزبان ہری لال اور رنجیت بھی یہی کھانا چاہتے تھے۔

میری مہمان نوازی کے لیے بیف فرائی، بیف روسٹ اور مالا بار پراٹھے اور رائس نوڈل پیش کیے گئے۔

ہری کہتے ہیں کہ میں جب بھی بیف فرائی کا لقمہ منہ میں رکھتا ہوں تو زبان یہی کہتی ہے کہ میں اصلی جنت میں ہوں۔

کیرالہ کے زیادہ تر کھانوں میں ناریل اور ڈھیر سارے صبر کا استعمال ہوتا ہے کیونکہ بیف کے گوشت کو ناریل کے ساتھ دھیمی آنچ پر آدھے دن تک پکایا جاتا ہے۔

بیف فرائی مقامی لوگو ں میں بھی بہت مقبول ہے
،تصویر کا کیپشنبیف فرائی مقامی لوگو ں میں بھی بہت مقبول ہے

شیف نما پال کا کہنا ہے کہ باہر سے آنے والے زیادہ تر لوگ بیف کری کے شوقین ہوتے ہیں جسے ٹماٹر اور ناریل کے دودھ میں پکایا جاتا ہے۔

بیف فرائی مقامی لوگوں میں بہت مقبول ہے۔

نمی پال کُکنگ کلاس میں سیاحوں کو بیف فرائی بنانا سکھاتی ہیں۔

بیف فرائی میں کئی طرح کے مصالحوں کا استعمال ہوتا ہے۔ جس میں دھنیا پاؤڈر، کالی مرچ، لال مرچ ، دال چینی اور لونگ شامل ہے۔

ان مصالحوں کو ناریل کے ٹکڑوں کے ساتھ ملا کر بیف پر لگایا جاتا ہے اور اس کے بعد اسے ہلکی آنچ پر پکایا جاتا ہے۔

کیرالہ بھارت کی ان ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں گائے کے گوشت پر پابندی نہیں ہے

،تصویر کا ذریعہNimmy Paul

،تصویر کا کیپشنکیرالہ بھارت کی ان ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں گائے کے گوشت پر پابندی نہیں ہے

ہوٹل میں کھانا کھانے کے لیے آنے والے رنجیت کا کہنا ہے کہ یہ بہت نرم ہوتا ہے اور منہ میں ڈالتے ہی گھلنے لگتا ہے۔

گائے کے گوشت کے لیے ایسا پیار ہندووں کے اکثریت والے ملک میں بہت عجیب لگتا ہے جہاں گائے کی پوجا کی جاتی ہے۔

کیرالہ بھارت کی ان ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں گائے کے گوشت پر پابندی نہیں ہے۔

شیف منوج نائر بتاتے ہیں کہ کیرالہ میں بیف ایک سیکولر گوشت تصور کیا جاتا ہے کیونکہ یہاں ایک ہی میز پر ہندو، مسلمان اور عیسائی ساتھ بیٹھ کر گائے کا گوشت کھاتے ہیں۔