چین میں سمندری طوفان اور سیلاب میں 14 افراد ہلاک

خطے میں حالیہ سیلاب سے 15 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنخطے میں حالیہ سیلاب سے 15 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں

چین کے جنوب مشرقی علاقے میں سمندری طوفان کے باعث سیلاب اور تودے گرنے سے کم از کم 14 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سنیچر کو صوبہ فوجیان اور ژجیانگ سے ہزاروں کو تعداد میں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا جبکہ بیشتر علاقے بجلی سے محروم ہیں۔

سرکاری میڈیا کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 70 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس سے 120 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

سوڈیلر نامی سمندر طوفان اس سے پہلے تائیوان میں تباہی مچا چکا تھا۔ جس میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے تھے۔

تائیون پاور کمپنی کے مطابق پانچ لاکھ کے قریب افراد بجلی سے محروم ہیں۔

سوڈیلر طوفان کا زور زمینی علاقے سے ٹکرانے کے بعد اب ٹوٹ چکا ہے۔

دوسری جانب چینی صوبے فوجیان میں طوفان کے حوالے سے وارننگ جاری کر دی گئی ہے اور کم از کم ایک لاکھ 63 ہزار افراد کو نشیبی علاقوں سے محفوظ مقامات پر پہنچادیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس کے ہمسایہ صوبے ژنجیانگ سے بھی کچھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

صوبہ فوجیان کے بڑے شہر فوژو میں تیز ہواؤں اور سیلاب سے دس ہزار درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں۔

ریل گاڑیاں اور پروازوں منسوخ کر دی گئی ہیں اور تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

خبر رساں ادارے شن ہوا کے مطابق خطے میں حالیہ سیلاب سے 15 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ فصلوں اور گھروں کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ 64 لاکھ 40 ہزار ڈالر لگایا گیا ہے۔