بنوں: خودکش حملے میں سات ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع بنوں میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک مبینہ کار خودکش حملے میں سات افراد ہلاک جبکہ چودہ زخمی ہوگئے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں طالبان کے حافظ گل بہادر گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبو ل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قبائلی علاقوں میں جاری مبینہ امریکی میزائل حملوں کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔ بنوں کے پولیس سربراہ محمد عالم شنواری نے بی بی سی کو بتایا کہ شہر سے تقریباً پانچ کلومیٹر دور ٹاؤن چوک پر گاڑی میں سوار ایک مبینہ خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی ایک دھماکے کے ساتھ اڑادی جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ تاہم ایک اور اہلکار نے بتایا کہ مرنے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد چار ہے۔ بنوں سول ہسپتال کے ڈاکٹر نور سعید نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے پاس پانچ لاشیں اور چودہ زخمی لائے گئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ زخمیوں میں چار پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ واقعہ میں معمولی زخمی ہونے والے ایک شہری فریداللہ نے بی بی سی کو بتایا کہ مغرب کے وقت وہ اپنے گاڑی میں جا رہے تھے کہ پیچھے سے آنے والی ایک تیز رفتار گاڑی ان کی گاڑی کے ساتھ ٹکرا کر آگے نکل گئی۔ ان کے بقول انہوں نے ساتھ کھڑے پولیس اہلکاروں کو آواز دی کہ یہ مبینہ خودکش بمبار ہے کیونکہ اس گاڑی کی ڈرائیوونگ سیٹ دائیں سے نہیں بلکہ بائیں طرف سے تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مبینہ خودکش بمبار کی گاڑی آگے جاکر ایک ویگن سے اترنے والے مسافر کے ساتھ ٹکرائی جبکہ پولیس نے اس پر پیچھے سے اندھا دھند فائرنگ کا سلسلہ شروع کردیا کہ اس دوران ایک زور دار دھماکہ ہوا۔ ان کے مطابق مبینہ خودکش بمبار کی گاڑی بارود سے بھری ہوئی تھی جس کی وجہ سے ایک زوردار دھماکہ ہوا۔ ان کے مطابق بارود سے بھری گاڑی ایک تقریباً تیرہ سالہ بچہ چلا رہا تھا۔ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں سرگرم طالبان کے حافظ گل بہادر گروپ کے ترجمان احمد اللہ احمدی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ ان کے بقول حملہ قبائلی علاقوں میں مبینہ طور پر جاری امریکی میزائل حملوں کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر امریکی حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو وہ اس قسم کے مزید حملے بندوبستی علاقوں میں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ان کا امن معاہدہ بدستور برقرار ہے لیکن حکومت کو امریکہ پر دباؤ ڈال کر میزائل حملے بند کرانے چاہیں۔ | اسی بارے میں بنوں، میزائل حملہ، پانچ ہلاک19 November, 2008 | پاکستان ایف آر بنوں: غیر ملکی خاتون لاپتہ12 November, 2008 | پاکستان بنوں میں خود کش حملہ، دس زخمی29 October, 2008 | پاکستان بنوں خود کش حملہ: دس ہلاک 28 August, 2008 | پاکستان بنوں: گرلز ہائی سکول میں دھماکہ09 May, 2008 | پاکستان بنوں: خودکش حملے میں پانچ ہلاک06 May, 2008 | پاکستان بنوں پر گیارہ راکٹ فائر ہوئے: پولیس22 November, 2007 | پاکستان بنوں خودکش حملے میں پندرہ ہلاک01 October, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||