’سرحدی خلاف ورزیاں بند کریں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کے تمام فریقین میں تعاون اور مفاہمت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ، نیٹو اور اتحادی افواج فوری طور پر پاکستان کی سرحدی خلاف ورزیاں بند کریں۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایاگیا ہے کہ یہ بات انہوں نے برطانوی وزیر قانون جیک سٹرا سے ملاقات میں کہی۔ بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل طور پر اہل ہیں اور پاکستان کی سلامتی کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’مسٹر سٹرا نے وزیراعظم کی اس بات سےاتفاق کیا کہ پاکستانی سرحدوں کے اندر غیر ملکی حملے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔‘ پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے ہوئے برطانوی وزیر قانون جیک سٹرا نے منگل کو اپنے ڈپٹی ہائی کمشنر اور یورپین اینڈ انٹرنیشنل ڈویژن کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان کے وزیر قانون فاروق حمید نائیک بھی موجود رہے۔ بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس جنگ میں پاکستان کی سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں کی قربانیوں کا ذکر کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس جنگ کی اصل وجوہات کو سمجھیں۔ ان کے مطابق سماجی اور اقتصادی ناہمورای ختم کرنے اور تصفیہ طلب سیاسی تنازعات کے حل کی ضرورت ہے تاکہ اس لعنت کو مؤثر طور پر کم کیا جاسکے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ دہشتگردی کے خلاف ماضی کی حکمت عملی مطلوبہ نتائج کے حصول میں ناکام ہوئی ہے اس لیے ان کی حکومت ہمہ جہت حکمت عملی اختیار کرے گی۔ ان کے مطابق نئی حکمت عملی میں سیاسی مذاکرات، سماجی اور اقتصادی ترقی اور سیکورٹی آپشنز، طویل اور کثیرالمدت اقدامات شامل ہوں گے۔
یاد رہے کہ جیک سٹرا گزشتہ روز لاہور پہنچے تھے جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور وکلاء کے سرکردہ رہنما اعتزاز احسن سے بھی ملاقات کی تھی۔ وزیراعظم کے ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق جیک سٹرا نے پاکستان کو برطانیہ کا اہم اتحادی قرار دیتے ہوئے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ جیک سٹرا کے مطابق پاکستان کی طرح دہشتگردی پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان افغانستان میں نیٹو افواج کے لیے رسد جاری رکھے گا۔ بعد میں مہمان وزیر نے دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور مختلف معاملات پر بات چیت کی۔ | اسی بارے میں پاکستان اہم میدان جنگ ہے: بش09 September, 2008 | آس پاس ’آئی ایس آئی کے طالبان سے روابط‘ 30 July, 2008 | آس پاس ’انگور اڈہ جیسے واقعات دوبارہ نہیں‘12 September, 2008 | آس پاس ’پاکستان کا پیچھا چھوڑ دو‘14 September, 2008 | آس پاس وزیرستان: امریکی جہاز سرحد پر15 September, 2008 | پاکستان وزیرستان: میزائل حملہ، پانچ ہلاک04 September, 2008 | پاکستان شمالی وزیرستان: بچے، عورتیں ہلاک05 September, 2008 | پاکستان دہشت گرد کے خلاف جنگ: سرحد کی دہلیز پر10 September, 2008 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||