’آئی ایس آئی کے طالبان سے روابط‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق امریکی تفتیشی ایجنسی ( سی آئی اے) کے ایک اعلی اہلکار نے آئی ایس آئی اور قبائلی علاقوں میں سرگرم طالبان کے درمیان روابط کے شواہد حکومت پاکستان کے اعلی عہدیداران کو پیش کرکے ان سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اخبار نے امریکی فوجی اور دفاعی عہدیداران کے حوالے سے کہا ہے کہ سی آئی اے کے نائب ڈائریکٹر سٹیفن کاپس کے اس دورے سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکہ پاکستانی ایجنسیوں اور افغانستان میں تشدد میں اضافے کے لیے ذمہ دار عسکریت پسندوں کے درمیان روابط پر زیادہ سخت موقف اختیار کر رہا ہے۔ اخبار کے مطابق ان میں عسکریت پسند رہنما مولوی جلال الدین حقانی بھی شامل ہیں۔ اس سال کے اوائل میں امریکی فوج نے پاکستانی افواج پر دباؤ ڈالا تھا کہ وہ مولانا حقانی کے نٹورک کو تباہ کرنے کے لیے کارروائی کرے۔ لیکن حکومت پاکستان کے مشیر داخلہ رحمان ملک نے واشنگٹن میں نامہ نگار برجیش اپادھیائے سے بات کرتے ہوئے ان الزامات کو پروپگنڈا قرار دیا۔ مسٹر ملک نے کہا کہ سی آئی اے نےحکومت پاکستان کو کوئی ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیا ہے۔ امریکہ میں پاکستانی سفیر حسین حقانی نے کہا کہ ’یہ پرانے الزامات ہیں، ہم نے امریکی عہدیداران سے مل کر ان کے خدشات دور کر دئے ہیں۔‘ مسٹر حقانی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان خفیہ معلومات کے تبادلےکو بہتر بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے الزام لگایا اس وقت اس خبر کے شائع ہونے سے لگتا ہے کہ بعض حلقے نہیں چاہتے کہ وزیر اعظم گیلانی کا دورہ امریکہ کامیاب ہو۔ ایک امریکی عہدیدار نے نیو یارک ٹائمز کو بتایا کہ’سی آئی اے کے نائب ڈائریکٹر کا پیغام بالکل واضح تھا۔ انہوں نے پاکستانی حکام کو بتایا کہ ہمیں ان روابط کا علم ہے، نہ صرف حقانی کے ساتھ بلکہ دوسرے عسکریت پسندوں کے ساتھ بھی، اور ہمارے خیال میں آپ اسے ختم کرنے کے لیے مزید اقدامات کر سکتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ آپ مزید کارروائی کریں۔‘
اخبار کے مطابق یہ ملاقات اس بات کا عندیہ ہوسکتی ہے کہ سی آئی اے اور آئی ایس آئی کے درمیان تعلقات بگڑ رہے ہیں۔ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق ’اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ حکومت پاکستان باقاعدہ طور پر القاعدہ کو مدد فراہم کر رہی ہے، لیکن اس بات پر ضرور کافی عرصے سے تشویش ہے کہ پاکستان کے حقانی گروپ سے روابط ہیں اور حقانی گروپ کے القاعدہ سے۔‘ یہ رپورٹ پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی امریکی صدر جارج بش سے ملاقات کے بعد شائع کی گئی ہے جس میں مسٹر گیلانی نے امریکہ سے کہا تھا کہ وہ قبائلی علاقوں میں’ یک طرفہ‘ طور پر کارروائی نہ کرے۔ منگل کو ایک امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے مسٹر گیلانی نے کہا کہ آئی ایس آئی کے طالبان سے روابط کا الزام ’ناقابل یقین۔ یہ ممکن نہیں کہ ہم ایسا ہونے دیں۔‘ حکومت پاکستان نے وقفہ وقفہ سے قبائلی علاقوں میں طالبان کے ساتھ معاہدوں کے ذریعہ امن قائم کرنے کی کوشش کی ہے لیکن امریکہ اس پالیسی کے حق میں نہیں ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||