سوات میں پچیس سکیورٹی اہلکار رہا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کے ضلع سوات میں مقامی طالبان نے تقریباً دو ماہ قبل یرغمال بنائے جانے والے اڑتیس اہلکاروں میں سے پچیس کو رمضان المبارک کے احترام میں آزاد کردیا ہے۔ سوات میں مقامی طالبان کے ترجمان حاجی مسلم خان نے بی بی سی کو ٹیلی فون کرکے تصدیق کی کہ سکیورٹی اہلکاروں کی رہائی کا فیصلہ سوات میں دو روز سے جاری طالبان شوریٰ کے اجلاس کے اختتام پر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے خاتمے پر مولانا فضل اللہ کی طرف سے ایک حکم جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ سوات میں طالبان کی تحویل میں قید فرنٹیر کانسٹیبلری (ایف سی) کے کل اڑتیس اہلکاروں میں سے پچیس کو رمضان المبارک کے احترام میں آزاد کردیا جاتا ہے جبکہ دیگر مغویوں کو بھی جلد ہی رہا کردیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق اہلکاروں کو صرف اور صرف ماہ صیام کی برکت اور اللہ تعالی کے رضا کی خاطر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان شوری دیگر مغویوں کے رہائی پر بھی غور کر رہی ہے اور انہیں بھی جلد ہی رہا کردیا جائے گا۔ یاد رہے کہ تقریباً باون دن قبل تحصیل کبل کے علاقے دیولئی میں عسکریت پسندوں نے ایک چیک پوسٹ پر حملہ کرکے فرنٹیر کانسٹبیلری کے اڑتیس جوانوں کو یرغمال بنایا تھا۔ ادھر گزشتہ روز طالبان کے ہمراہ ان مغوی اہلکاروں سے ملاقات کرنے والے سوات کے مقامی صحافی شیرین زادہ کا کہنا ہے کہ مغوی ایف سی اہلکاروں کو تحصیل مٹہ سے دور پہاڑوں میں ایک نامعلوم سنسان مقام پر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مغویوں کو بیڑیاں پہنائی گئیں تھیں جس کی وجہ سے وہ ادھر ادھر آزادانہ طور پر حرکت نہیں کرسکتے تھے۔ ان کے مطابق اہلکاروں کی عمریں تقریباً اٹھائیس سے چالیس سال کے درمیان معلوم ہوتی ہیں جبکہ سب اہلکاروں نے داڑھیاں بھی رکھی ہوئی ہیں۔ |
اسی بارے میں باجوڑ: طالبان نے اہلکار اغوا کر لیے19 November, 2007 | پاکستان 25 طالبان کے بدلے 200 سپاہی بازیاب04 November, 2007 | پاکستان مقامی طالبان کی حکومت کو دھمکی04 January, 2008 | پاکستان طالبان کا حملہ، 5 ہلاک، 21 اغواء02 October, 2007 | پاکستان طالبان کی طرف سے دعوے کی تردید29 December, 2007 | پاکستان فوجیوں کواغواء کیا: مقامی طالبان24 December, 2007 | پاکستان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||