پوسٹ مارٹم کرانے کو تیار: حکومت | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حکومت پاکستان نے کہا ہے کہ وہ بینظیر بھٹو کی ہلاکت کے بارے میں شکوک وشبہات دور کرنے کی غرض سے قبرکشائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ہے بشرطیکہ بینظیر کے اہل خانہ اور پارٹی اس پر تیار ہوں۔ حکومت نے بیت اللہ محسود کے اس انکار کو بھی مسترد کر دیا ہے کہ وہ بینظیر بھٹو کے قتل میں ملوث نہیں۔ وزارت داخلہ کے مطابق گزشتہ دو روز کے ہنگاموں میں اب تک اڑتیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور اربوں روپے کی سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ اس دوران سو سے زائد قیدی بھی جیلوں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ترجمان برگیڈئر ریٹائرڈ جاوید اقبال چیمہ نے بینظیر بھٹو کی لاش قبر سے نکالنے اور پوسٹ مارٹم کی پیشکش یہاں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہلاکت کی وجہ کے بارے میں کوئی غلط بیانی نہیں کی ہے۔ ’یہ حکومت کو کسی طرح سوٹ نہیں کرتا کہ آیا وہ گولی سے ہلاک ہوئیں، دھماکے سے یا کسی اور وجہ سے۔ اصل حقیقت یہ ہے کہ ہم انہیں کھو چکے ہیں۔ لیکن زیاد اہم یہ ہے کہ ان لوگوں تک پہنچا جائے جن کی وجہ سے وہ ہلاک ہوئیں۔ اگر شیری رحمان نے کہا ہے کہ انہوں نے گولی کا نشان دیکھا ہے تو پیپلز پارٹی کی اجازت سے ان کی قبر کھولی جاسکتی ہے اور پوسٹ مارٹم کرایا جا سکتا ہے۔‘ بیت اللہ محسود کی جانب سے اس بیان کے بعد کہ انہوں نے بینظیر پر خودکش حملہ نہیں کیا برگیڈئر چیمہ کا کہنا تھا کہ کوئی مجرم اپنا جرم کبھی تسلیم نہیں کرتا۔ ’ہم نے آپ کو تمام ثبوت دکھا دیے تھے۔ اب تحقیقات کرنے والوں پر چھوڑ دیں کہ وہ کس فیصلے پر پہنچتے ہیں۔ تاہم میں کہنا چاہتا ہوں کہ کوئی مجرم اپنی غلطی تسلیم نہیں کرتا۔ وہ کیوں کرے یہ اسے سوٹ نہیں کرتا۔ میرے خیال میں اس (بیت اللہ محسود) کے سوا کسی کے پاس یہ صلاحیت ہی نہیں کہ وہ خودکش حملہ آوروں کو بھرتی کرے اور تیار کرے۔‘
ملک میں گزشتہ دو روز کے دوران ہنگاموں سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں ترجمان کا کہنا تھا کہ کہ اب تک اڑتیس افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ دو سو بینک، اٹھارہ ریلوے سٹیشن، ڈیڑھ سو سے زائد دفاتر اور چونتیس پیٹرول پمپ نذر آتش کیےگئے۔ تین سو ستر گاڑیاں جلانے کے علاوہ ریل کی اٹھارہ بوگیاں بھی تباہ کی گئیں۔ ان حالات کا فائدہ اٹھا کر سو سے زائد قیدی بھی فرار ہوچکے ہیں اور بقول ترجمان یہی لوگ اس لوٹ مار میں پیش پیش ہیں۔ انہوں نے واضع کیا کہ حکومت ان افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور انہیں مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو روز کے مقابلے میں اب حالات معمول پر آ رہے ہیں اور چند چھوٹے موٹے واقعات کے بعد سنیچر کو تمام ملک میں حالات قابو میں رہے۔ شہزاد ملک کے مطابق اس سے قبل صد ر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کہا ہے کہ وہ ملک میں امن وامان قائم رکھنے کے سلسلے میں تمام وسائل کو بروئےکار لائیں اور قومی اور نجی عمارتوں اور لوٹ مار کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹاجائے۔
ایوان صد ر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی چیئر پرسن بینظیر بھٹو کی ہلاکت کا پوری قوم کو صدمہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ شرپسند اور سماج دشمن عناصر مظاہرین کے بھیس میں لوٹ مار کر رہے ہیں اور نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ اس واقعہ کے خلاف ملک میں ہونے والے مظاہروں کی وجہ سے لوگوں کو شدید پرشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور لوگوں نے مظاہرین کی طرف سے توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کے خدشے کے پیش نظر ادویات کھانے پینے کی اشیاء اور پیٹرول پمپ بند کردیے ہیں۔ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کہا کہ شرپسندوں کو اس صورت حال سے فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کے جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں۔ اجلاس میں نگران وزیر اعظم محمد میاں سومرو، فوج کے ستبراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی، وزیر داخلہ حامد نواز، وزیر اطلاعات نثار اے میمن کے علاوہ سکیورٹی ایجنسیوں کے سربراہوں اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی چئیرپرسن نے نظیر بھٹو پر ہونے والے خودکش حملے کی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا اس کے علاوہ ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اور بالخصوص صوبہ سندھ کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا جہاں پر امن وامان برقرار رکھنے کے لیے سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فوج بھیجی گئی ہے۔ دریں اثناء نگران وزیر اعظم محمد میاں سومرو نے صوبوں کے نگران وزراء اعلی سے کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امن وامان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے ضمن میں کیے جانے والی اقدامات کو مانیٹر کریں اور امن وامان خراب کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ |
اسی بارے میں زرداری سے مشرف کی تعزیت29 December, 2007 | پاکستان نواز شریف اور زرداری کی ملاقات29 December, 2007 | پاکستان سندھ کیوں جل رہا ہے؟29 December, 2007 | پاکستان طالبان کی طرف سے دعوے کی تردید29 December, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||