بائیکاٹ کااعلان مشرف کی مدد: بینظیر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کا کہنا ہے کہ حزبِ اختلاف کی جانب سےعام انتخابات کے بائیکاٹ سے صدر مشرف کو ایمرجنسی کے نفاذ کو جائز قرار دینے میں مدد ملے گی۔ بینظیر بھٹو نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں نواز شریف سے ملاقات کریں گی۔جنہوں نے آٹھ جنوری کو ہونے والے عام انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ پشاور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اگر ہم سب الیکشن کا بائیکاٹ کریں گے تو صدر مشرف کو پارلیمان میں اپنے پروژنل کانسٹی ٹیوشنل آرڈر کو جائز قرار دینے کے لیے دو تہائی اکثریت حاصل ہو جائے گی۔ بینظیر نے کہا کہ ’ہمیں احتجاج کے طور پر انتخابات میں حصہ لینا چاہئے‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ’مجھے نواز شریف اورقاضی حسین احمد کی جانب سے الیکشن بائیکاٹ کے واضح اشارے نہیں مل رہے ہیں کیونکہ انہوں نے نامزدگی کے پرچے بھی داخل کئے ہیں۔ قاضی حسین احمد اسلامی اتحاد متحدہ مجلسِ عمل کے چیف ہیں جس میں بائیکاٹ کے بارے میں اختلافات پائے جاتے ہیں۔ بینظیر کا کہنا تھا کہا کہ انہوں نے حکومت کی جانب سے دھاندلیوں کے اندیشوں کے باوجود انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ’ حکومت پولنگ سے ایک رات پہلے ہزاروں بیلٹ پیپر چرا کر اپنے امیدواروں تک پہنچانے کا مننصوبہ بنا رہی ہے‘۔ انہوں نے حکومت پر’الیکشن سے پہلے بڑی تعداد میں افسران کے تبادلے کرنے کا الزام بھی لگایا‘۔ انہوں نے کہا کہ وہ نواز شریف سے ملاقات کر رہی ہیں تاکہ یہ فیصلہ کیا جا سکے کہ انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ اعتدال پسند اور جمہوری طاقتوں کو مل کر کام کرنا چاہئے۔ بینظیر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹ فراہم کرنے کے لیے ہر پارٹی سے تین تین کروڑ روپیے مانگے ہیں تاہم الیکشن کمیشن کے سیکریٹری کنور محمد دلشاد کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی نئی بات نہیں الیکٹورل ایکٹ کے تحت ووٹر لسٹ کی نقل کسی بھی شخص یا پارٹی کو دی جا سکتی ہے جس کی قیمت ود روپے فی صفحہ ہے ۔ کنور دلشاد کا کہنا تھا کہ اس کا دوسرا طریقہ یہ ہے کہ الیکشن کمیشن سے ہارڈ کاپی لیکر فوٹو کاپی کرا لی جائے ۔ پشاور میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں طالبان حامی شورش کو ختم کرنے کے لیے اقتصادی یا معاشی ترقی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کا کنٹرول بحال نہیں ہوا تو علاقے میں ’غیر ملکی طاقتیں‘ داخل ہو جائیں گی۔ محترمہ بے نظیر بھٹو نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی قبائلی علاقوں میں فوج کے استعمال سے متفق ضرور ہے تاہم طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی فاٹا میں براہ راست فوجی آپریشن کی بجائے بوقت ضرورت فوج کا استعمال کریگی اور تمام مسائل کا سیاسی عمل کے ذریعے حل تلاش کرنے کی کوشش کریگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ فاٹا میں منتخب کونسل بنائیں گی اور وہاں کے لوگوں کو ان کے گھروں کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کےلیے عدالتیں بھی قائم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ شدت پسند آج سوات پہنچے ہیں کل وہ اسلام اباد بھی پہنچ سکتے ہیں اور ایسے میں کیا دنیا تماشا دیکھے گی کہ کہوٹہ اور ایٹمی ہتھیار ان کے ہاتھوں میں گرنے والے ہیں؟ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ انتخابات میں انتہا پسندوں کو مسترد کردیں اور جمہوری قوتوں کو ووٹ دیں تاکہ ملک میں حقیقی جمہوریت قائم ہو۔ کراچی سے ہمارے نامہ نگار ارمان صابر نے لکھا ہے کہ پپلزپارٹی کی مجلسِ عاملہ کے اجلاس کے بعد پیپلزسیکریٹریٹ، کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے نائب چئرمین مخدوم امین فہیم نے کہا کہ’ انتخابات منصفانہ ہوں گے تو ہم حصہ لیں گے اور اگر منصفانہ نہ ہوئے تو ہمارے پاس انتخابات کے بائیکاٹ سمیت دیگر آپشن موجود ہیں اور ہم عوام کو اعتماد میں لے کر کوئی بھی فیصلہ کرسکتے ہیں۔ امین فہیم نے تحلیل شدہ کابینہ کے ارکان پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سابق حکومتی ارکان اب تک حکم نامے جاری کر رہے ہیں جن پر عملدرآمد بھی ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ ان ہی کی خواہشات پر کام کر رہی ہے جس کی نہ صرف ہم مذمت کرتے ہیں بلکہ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جو بھی شکایت آئے اس کا مداوا فوری طور پر کیا جانا چاہیے اور اگر مداوا نہیں ہوتا تو منصفانہ انتخابات کا انعقاد مشکوک ہو سکتا ہے۔ |
اسی بارے میں نواز شریف، بینظیر ملاقات پیر کو01 December, 2007 | پاکستان الیکشن کا بائیکاٹ: نواز شریف29 November, 2007 | پاکستان بائیکاٹ پرنظرثانی کریں: فضل الرحمان30 November, 2007 | پاکستان اکیلے بائیکاٹ نہیں :اے این پی30 November, 2007 | پاکستان بینظیر، نواز شریف انتخابی میدان میں 26 November, 2007 | پاکستان بائیکاٹ کا آپشن کھلا ہے: بینظیر30 November, 2007 | پاکستان بینظیر بھٹو کو عمران کی پیشکش30 November, 2007 | پاکستان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||