لندن ڈیسک بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن |  |
 | | | جنرل اشفاق پرویز کیانی نے خصوصی دعوت پر قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی |
صدر جنرل پرویز مشرف نےاعلان کیا ہے کہ ملک میں عام انتخابات پندرہ فروری سے قبل ہوں گے اور وہ وعدے کے مطابق صدرات کا حلف اٹھانے سے قبل وردی اتار دیں گے۔ صدر مشرف نے یہ اعلان اسلام آباد میں جمعرات کو قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے دوران کیا جس میں کونسل کے چند مستقل اراکین کے علاوہ وائس چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کو خصوصی طور پر بلایا گیا تھا۔ گزشتہ سنیچر کو پاکستان میں ہنگامی حالت کے نفاذ اور دوسری مرتبہ عبوری آئینی حکم نامہ جاری کرنے کے بعد سے صدر مشرف پر غیر ملکی دنیا کا شدید دباؤ ہے کہ وہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں اور وعدے کے مطابق فوجی سربراہ کی وردی اتاریں۔بدھ کو امریکی صدر جارج بش نے پہلی مرتبہ یہ واضح کیا تھا کہ انہوں نے پاکستانی صدر سے ٹیلیفون پر بات کی ہے اور انہیں کہا ہے کہ وہ اپنی وردی اتاریں اور پاکستان میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں۔ اس سے قبل مختلف حکومتی اکابرین الیکشن کے انعقاد سے متعلق مختلف اور بعض دفعہ متضاد بیانات دیتے رہے ہیں۔ تاہم جمعرات کو صدر کے انتخابات سے متعلق اعلان سے قبل ہی مقامی میڈیا نے چودہری شجاعت حسین کے حوالے سے یہ کہنا شروع کر دیا تھا کہ انتخابات وسط فروری تک ہوں گے۔ |