بیورو رپورٹ بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پاکستان |  |
 | | | ’موجودہ اسمبلیاں پندرہ نومبر تک اپنی معیاد پوری کر لیں گی‘ |
پاکستان کے اٹارنی جنرل جسٹس (ر) ملک محمد قیوم نے کہا ہے ملک میں عام انتخابات موجودہ اسمبلیوں کی معیاد ختم ہونے کے ساٹھ دن کے اندر شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں فیصلہ دو تین دن پہلے صدر جنرل پرویز مشرف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا تھا۔ انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا ہے کہ موجودہ اسمبلیاں پندرہ نومبر تک اپنی معیاد پوری کر لیں گی اور اس کے بعد عبوری سیٹ اپ بنایا جائے گا جس کی زیر نگرانی عام انتخابات ہوں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں صدر جنرل پرویز مشرف کی جانب سے آئین معطل کیے جانے اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد بعض وزارء کی جانب سے انتخابات ملتوی ہونے اور موجودہ اسمبلی کی مدت ایک سال تک بڑھانے کے بیانات کی وجہ سے ابہام تھا کہ آخر کیا ہوگا؟۔ ایسے میں چار نومبر کو وزیراعظم شوکت عزیز کی جانب سے آنے والے اس بیان نے مزید خدشات پیدا کیے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انتخابات ملتوی ہوسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب پنجاب کے وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ موجود اسمبلیوں کی مدت نہیں بڑھائی جارہی اور آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونگے۔یہ بات انہوں نے وزیراعلی پنجاب کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسمبلیوں کی مدت کے بڑھائے جانے کی کوئی ضرورت بھی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جن اراکین اسمبلی نے استعفے دئیے ہیں ان کی سیٹوں پر بھی ضمنی انتخابات نہیں کرائے جار ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مسلم لیگی امیدواروں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں رہیں اورالیکشن کی بھرپور تیاریاں کریں۔ |