BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Monday, 29 October, 2007, 09:26 GMT 14:26 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
لاڑکانہ: دورہ یا انتخابی مہم کا آغاز

بے نظیر بھٹو لاڑکانہ میں
بینظیر جب نوڈ یرو ہاؤس سے باہر نکلتی تو کالے رنگ کے ایک بکرےکا صدقہ دیا جاتا ہے
بینظیر بھٹو کے لاڑکانہ کے حالیہ دورے کے بعد عام لوگوں اور مقامی پی پی کارکنان کا کہناہے کہ بینظیر نے اپنے انتخابی حلقے کو زیادہ مظبوط بنا لیا ہے۔

انہوں نے مایوس کارکنان کے حوصلے بلند کیے ہیں تاہم انہوں نے اپنے آبائی انتخابی حلقے میں کسی عوامی اجتماع سے خطاب کرنے سےگریز کیا ہے ۔

پیپلز پارٹی کی سربراہ بینظیر بھٹو نے اپنےآبائی گاؤں نوڈیرو میں تین دن کا قیام کیا اور ان کا تمام وقت سیاسی مصروفیات میں گذرا۔انہوں نے اپنی رہائش گاہ نوڈیرو ہاؤس میں تقریباً آٹھ برس بعد قدم رکھا مگر سخت حفاظتی حصار اور بلٹ پروف گاڑی سے اتر کر۔

اٹھارہ اکتوبر کے بم دھماکوں کے بعد بینظیر بھٹو کا کراچی سے باہر پاکستان کے کسی شہر کا یہ پہلا دورہ تھا۔وہ اپنا سفر کالے شیشے والی نئی سفید بلٹ پروف گاڑی میں کرتی ہیں۔

بینظیر کا عوام سے رابطے کا ذریعہ سفید لینڈ کروزر کے چھت کی وہ کھڑکی ہے جہاں سے وہ اپنی سیاسی سیکریٹری ناہید خان کے بعد اچانک نمودار ہوتی ہیں ،ہاتھ ہلاتی ہیں اور جواب میں پھول کی سینکڑوں پتیاں اور پرجوش نعرے وصول کر کے واپس روبوٹ کی طرح گاڑی کے اندر چلی جاتی ہیں۔

بینظیر بھٹو نے اپنی محدود سرگرمیوں کےبعد میڈیا کو اپنے عوامی رابطے کا دوسرا اہم ذریعہ بنا لیا ہے ان کے کسی بھی خفیہ دورے پر نکلنے سے پہلے مقامی پی پی رہنماء ٹی وی کیمروں اور چند رپورٹرز کی موجودگی کو یقنی بنا لیتے ہیں۔

 بینظیر نے اپنے دورہ لاڑکانہ کو جذباتی رنگ دیتے ہوئے کئی انٹرویوز میں لاڑکانہ کےچاولوں کی تیار فصل کی خوشبو ، زیتون کےدرختوں اور علاقے کی سرسبزی کا ذکر کیا

لاڑکانہ کے العباس چوک کے نزدیک وہ ایک مقامی پی پی رہنماء کے بنگلے کے اندر تعزیت کر رہی تھیں باہر لوگوں کا ہجوم سخت حفاظتی انتظامات میں ان کا منتظر تھا۔لاڑکانہ میں بینظیر کے مداحوں کا یہ عالم تھا کہ سڑک پر لوگوں کے مجمعے میں مجھے ایک عام آدمی ملا جو بینظیر کو دیکھنے کے بعد اپنے دوست سے کہہ رہا تھا ہمارا کام ہوگیا بینظیر کے درشن ہوگئے انہوں نے ہاتھ بھی ہلایا اور کیا چاہیئے چلو اب چلیں ۔

لاڑکانہ جو کہ پیپلز پارٹی کا سیاسی گڑھ مانا جاتا ہے وہاں مشرف بینظیر کے درمیاں ڈیل اور سیاسی مفاہمت یا سیاسی سودے کی عام لوگوں کے پاس شاید کوئی اہمیت نہیں۔یا وہ بینظیر پر کرپشن اور ڈیل کےالزامات سننا ہی نہیں چاہتے۔

وہ سننا نہیں چاہتے کہ سوئٹزر لینڈ میں منی لانڈرنگ کا ایک کیس جنیوا کے ایک اور جج کے سامنے ہے اور اسی ہفتے سوئس اٹارنی کو کیس بھیجا گیا ہے ۔ لاڑکانہ کےلوگ تیل برائے خوراک سکینڈل اور برطانیہ کے سری محل کے بارے میں جاری مقدمات اور تفیشی رپورٹوں کو سننے کے موڈ میں نہیں کیونکہ بینظیر ان کے پاس آٹھ برس بعد پہنچی ہیں۔

پیپلز پارٹی لاڑکانہ کے رہنماء ایاز سومرو کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو اپنے گھر پہنچیں ہیں اور ہمارے لوگ بڑے برسوں کےبعد گھر آنے ولے اپنے پیاروں کو طعنہ نہیں پیار دیتے ہیں ۔

ان کے مطابق محترمہ بینظیر اور ان کے والد نے لاڑکانہ کے لوگوں کی خدمت کی ہے وہ لاڑکانہ سمیت پورے پاکستان میں آج بھی مقبول سیاسی رہنماء ہیں ۔

بینظیراتوار کے روز جب نوڈیرو سے لاڑکانہ پہنچیں تو ان کی گاڑیوں کے قافلے نے شہر کی مختلف سڑکوں پرگشت کیا۔مسلح ذاتی محافظ ان کے ساتھ تھے مگر لوگوں کا ایک ہجوم ان کے قافلے کے ساتھ رہا ۔

بینظیر
بینظیر کا عوام سے رابطے کا ذریعہ سفید لینڈ کروزر کے چھت کی کھڑکی ہے

بینظیر نےاپنے والد ذوالفقار علی بھٹو جیسا عوامی انداز اپناتے ہوئے شہر کے پاکستانی چوک سے پکوڑے کھائے اور پکوڑے والے کو دو ہزار روپے ٹپ دے دیے ۔

انگریزی روزنامہ ڈان کے لاڑکانہ میں نمائندے ایم بی کلہوڑو کا کہنا تھا کہ بینظیر کے والد ذولفقار علی بھٹو بھی شہر کی کسی سڑک کنارے کھوکھہ ہوٹل سے چائے پیتے تھے اور عام دیہاتیوں اور گداگروں سے بھی بیٹھ کر بات کر لیتے تھے۔

بینظیر بھٹو نےکہاکہ وہ دوبارہ عوامی اجتماعات کرنے پر اپنے رفقاء سے مشورہ کر رہی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنماء غور کر رہے ہیں کہ اگر بڑے عوامی اجتمعات نہیں تو چھوٹے عوامی اجلاس کس طرح بلائے جائیں۔

بینظیر بھٹو نے اپنے دورہ لاڑکانہ کے دوران کئی مقامات پر سفر کے دوران قرآنی آیات کا ورد کیا ۔انہیں آفات سے محفوظ رکھنے کے لیے ان کے بازو پر امام ضامن باندھا گیا تھا۔ وہ جب نوڈیرو ہاؤس سے باہر نکلتی تو کالے رنگ کے ایک بکرےکا صدقہ دیا جاتا۔

بینظیر بھٹو نےلاڑکانہ اور قمبر شہدادکوٹ اضلاع کے پارٹی اجلاس اپنی رہائش گاہ پر طلب کیے اور پارٹی کارکنان کو آئندہ انتخابات میں مزید محنت کرنے کی تلقین کی۔انہوں نے چند کارکنان کی رہنماؤں کےخلاف شکایات بھی سنیں مگر کسی پارٹی رہنماء کو تنقید کا نشانہ بنانے سے گریز کیا۔

بینظیر نے اپنے دورہ لاڑکانہ کو جذباتی رنگ دیتے ہوئے کئی انٹرویوز میں لاڑکانہ کےچاولوں کی تیار فصل کی خوشبو ، زیتون کےدرختوں اور علاقے کی سرسبزی کا ذکر کیا ۔مگر انہوں نےمشرف اور اپنے سیاسی مخالف چودھری برادران کو کڑی تنقید کا نشانہ نہیں بنایا۔

بینظیربینظیر کی سیکورٹی
خطرہ کون، طالبان یا ’جہادی‘ اسٹیبلشمنٹ ؟
بینظیر نوڈیرو میںبینظیر نوڈیرو میں
سخت حفاظتی انتظامات میں استقبال
جیالوں کے قافلے
کراچی میں جیالوں کی آمد کا سلسلہ جاری
اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد