مہاجر کیمپ سے زبردستی انخلا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں صوبہ سرحد کے سب سے بڑے افغان مہاجر کیمپ جلوزئی کو خالی کرانے کےلیے پولیس کی سخت سکیورٹی میں کیمپ کے باہر قائم ایک سو سے زائد کیبن اور کھوکھے مسمار کر دیےگئے ہیں جبکہ دکانیں خالی کرانے کے لیے تین دن کی مہلت دی گئی ہے۔ جلوزئی پولیس چوکی کے اہلکار بدن خان نے بی بی سی کو بتایا کہ اتوار کی صبح سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری کی موجودگی میں کیمپ کے باہر سڑک کے کنارے قائم ایک سو سے زائد کیبن اور کھوکھے ہٹا دیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق جلوزئی بازار کے دکانداروں کو بھی تین دن کی مہلت دی گئی ہے کہ اس دوران وہ دکانیں خالی کردیں۔ بصورتِ دیگر انتظامیہ آپریشن کر کے دکانیں خالی کرائے گی۔ حکومتِ پاکستان اور مہاجرین کے لیے اقوامِ متحدہ کے ادارے یو این ایچ سی آر نے اس کیمپ کو خالی کرانے کے لیے اکتیس اگست کی ڈیڈ لائن دی ہے تاہم کیمپ کی بیشتر آبادی علاقہ چھوڑنے کےلیے تیار نہیں ہے۔ مہاجرین کا مطالبہ ہے کہ رمضان المبارک اور افغانستان میں آنے والی سخت سردی کے پیشِ نظر اس مہلت میں توسیع کی جائے۔
ایک مقامی صحافی زاہد خٹک کے مطابق کیبن اور کھوکھے مسمار کرتے وقت پولیس، فرنٹیئر کور اور فرنٹیر ریزرو پولیس کے دستوں نے سارے علاقے کو گھیرے میں لیا ہوا تھا جبکہ بکتر بند گاڑیاں بھی سڑک پر گشت کرتی ہوئی دکھائی دے رہی تھیں۔ جلوزئی پناہ گزین کیمپ کے اردگرد واقع بازار میں ایک ہزار سے زائد دکانیں اور کیبن موجود ہیں۔1980 سے قائم اس مہاجر کیمپ میں رجسٹرڈ مہاجرین کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ بتائی جارہی ہے۔ حکومتِ پاکستان نے سکیورٹی وجوہات اور افغان مہاجرین کے کیمپوں میں مبینہ طور پر طالبان کی سرگرمیوں کی وجہ سے جلوزئی سمیت چار کیمپوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ صوبہ سرحد میں قائم دو کیپموں میں سےکچا گھڑی کا ایک کیمپ گزشتہ ماہ بند کیا جا چکا ہے۔
افغان حکومت نے دو سال قبل الزام لگایا تھا کہ جلوزئی کیمپ میں طالبان مبینہ طور پر سرگرم ہیں تاہم حکومتِ پاکستان اس الزام کی تردید کرتی رہی ہے۔جلوزئی افغان جہاد کے دوران عرب جنگجوؤں اور افغانستان کی سات جہادی تنظیموں کی سرگرمیوں کا اہم مرکز تھا۔ کیمپ میں القاعدہ کے مبینہ بانی عبداللہ عظام نے ایک ’جہاد یونیورسٹی‘ بھی قائم کر رکھی تھی جس میں جہاد سے متعلق نوجوانوں کو فکری تر بیت دی جاتی رہی اور خود عبداللہ عظام، خالد شیخ کے بھائی عابد شیخ اور شیخ تمیم جیسے عرب مجاہدین رہنما جلوزئی کیمپ میں دفن ہیں۔ |
اسی بارے میں رجسٹرڈ افغانوں کے لیے مزید وقت02 August, 2007 | پاکستان افغانوں کی پاکستان سے جانے کی شرط16 February, 2007 | پاکستان افغان: رجسٹریشن کا آخری دن 15 February, 2007 | پاکستان تین برس میں مہاجرین کی واپسی07 February, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||