بنوں میں میزائل حملے، نو ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع بنوں میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب شہری آبادی پر ہونے والے حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد نو ہو گئی ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ اس حملے میں میزائل استعمال کیے گئے جو قبائلی علاقے سے فائر کیے گئے تھے۔ اس حملے میں ابتدائی طور پر ایک عورت سمیت آٹھ افراد کی ہلاکت اور اکتالیس کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی تھی تاہم بنوں سول ہسپتال کے حکام کے مطابق شدید زخمیوں میں سے ایک شخص نے بدھ کو دم توڑا ہے۔ بنوں پولیس کے سربراہ دار علی خٹک نے بی بی سی کو بتایا کہ گزشتہ شب ڈھائی بجے شمالی وزیرستان سے پہلے دو میزائل داغے گئے جوچوک بازار میں علی زمان نامی ایک شخص کے مکان پرگرے۔ پولیس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اس واقعہ کے بعد وہاں لوگ جمع ہوگئے اور پولیس اہلکار بھی پہنچ گئے۔ اس دوران مزید دو میزائل جائے وقوعہ پر جمع لوگوں کے درمیان گرے،جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں اور اکتالیس افراد زخمی ہوئے۔ پولیس حکام کے مطابق راکٹ حملے میں علی زمان، رحیم الدین، امیرخان اور شریف نامی شہریوں کے مکانات کو نقصان پہنچا۔ بنوں پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کو بنوں سول ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سات پولیس اہلکار بھی شامل ہیں اور ان میں سے چھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دار علی خٹک کا یہ بھی کہنا تھا کہ بعض چینل ہلاکتوں کی تعداد آٹھ سے زیادہ بتا رہے ہیں جو کہ درست نہیں ہے۔ پولیس کے سربراہ کے مطابق ابھی تک کسی ملزم کی گرفتاری عمل نہیں آئی ہے البتہ پولیس نے بنوں کے مختلف علاقوں میں تلاشی کا عمل شروع کر دیا ہے۔
دار خٹک نے مزید بتایا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ عام آبادی کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ اس سے قبل پولیس، فوجی قافلوں اور سرکاری املاک پر حملے ہوتے رہے ہیں۔ جائے وقوعہ کا دورہ کرنے والے ایک مقامی صحافی عنایت اللہ نے بی بی سی کو بتایا کہ میزائل دو گھروں اور کتابوں کی ایک دکان پر لگے ہیں۔ ان کے بقول زیادہ ہلاکتیں اس وقت ہوئیں جب لوگ پہلے میزائل کے فائر ہونے کے بعد متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے میں مصروف تھے کہ دوسرا میزائل آ گرا۔ ان کے بقول اس علاقے کے آس پاس پولیس سٹیشن یا فوج کی کوئی ایسی چوکی موجود نہیں ہے جس سے بظاہر لگے کہ یہ اسے نشانہ بنانے کی کوشش تھی۔ واضح رہے کہ قبائلی علاقوں کے بعد صوبہ سرحد کے جنوبی اضلاع میں طالبانائزیشن کی ایک لہر آئی ہے جس کا حکومت بھی اعتراف کرتی ہے اور ان علاقہ جات میں راکٹ حملے، سکیورٹی دستوں پر حملے اور اغواء کے واقعات عام سی بات ہوگئے ہیں۔ | اسی بارے میں بنوں پولیس پر میزائل حملہ11 March, 2007 | پاکستان بنوں: اعلیٰ سرکاری افسر اغواء24 April, 2007 | پاکستان بنوں بم دھماکہ، بچہ ہلاک، تین زخمی11 June, 2007 | پاکستان بنوں:اغواء کی ناکام کوشش،1 ہلاک25 June, 2007 | پاکستان بنوں: ’خودکش‘ بمبار ہلاک22 June, 2007 | پاکستان بنوں پولیس پر حملہ،ایک ہلاک09 July, 2007 | پاکستان بنوں: دھماکے میں تین فوجی زخمی14 July, 2007 | پاکستان بنوں: دہشت گردی کے الزام میں قتل15 July, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||