سوات: فوجیوں سمیت14 ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سوات کے صدر مقام مینگورہ سے پچیس کلومیٹر کے فاصلے پر فوجی قافلے پر ہونے والے دو خودکش حملوں اور ایک دھماکے میں گیارہ فوجیوں سمیت چودہ افراد ہلاک اور انتالیس زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سکیورٹی فورسز کے کسی قافلے پر ہونے والا دوسرا حملہ ہے۔ پاکستان فوج کے محکمۂ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل وحید ارشد نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ سوات کے علاقے میں مٹہ میں اتوار کی صبح ساڑھے سات بجے کے قریب پیش آیا اور اس میں فوجی قافلے کو دو کاروں میں سوار خود کش حملہ آوروں نے نشانہ بنایا جبکہ حملے میں ایک ’امپرووائزاڈ ایکسپلوسِو ڈیوائس‘ بھی استعمال کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حملے میں گیارہ فوجی جوان اور تین عام شہری ہلاک ہوئے جبکہ انتالیس زخمیوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو مٹہ ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے اور پاکستانی فوج کے ترجمان کے مطابق انتالیس میں سے انتیس زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اس حملے کے عینی شاہدین کا یہ بھی کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں کچھ مکانات بھی گرے ہیں جن کے نیچے آ کر عام شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق دھماکے کے فوری بعد موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے بھاری ہتھیاروں سے اردگرد کے علاقوں میں فائرنگ شروع کر دی۔
موقع پر موجود ایک مقامی صحافی شیرین زادہ نے بی بی سی کو بتایا کہ دھماکے کے فوری بعد فوج نے سارے علاقے کو سیل کر دیا اور سڑک پر ٹریفک بھی بند کردی گئی ہے۔ ان کے مطابق حملے کے بعد علاقے میں تین ہیلی کاپٹر پرواز کرتے نظر آئے جبکہ اردگرد کے علاقوں سے فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں ایک خودکش حملے میں فوج اور سکیورٹی فورسز کے چوبیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔اس حملے میں بھی ایک کار فوجی چوکی سے ٹکرا دی گئی تھی۔ اس حملے میں ستائیس سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں واقع لال مسجد کے خلاف آپریشن اور سوبہ سرحد کے مختلف علاقوں میں فوج کی تعیناتی کے بعد ان علاقوں میں خود کش حملوں اور فوجی قافلوں کو نشانہ بنائے جانے کی وارداتوں میں اضآفہ دیکھنے میں آیا ہے۔ |
اسی بارے میں آپریشن کے بعد سرحد میں فوج13 July, 2007 | پاکستان سوات کار بم دھماکہ، پانچ ہلاک12 July, 2007 | پاکستان شمالی وزیرستان، تین ہلاک13 July, 2007 | پاکستان ’وزیرستان :امن معاہدہ خطرے میں‘17 June, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||