نیئر شہزاد اسلام آباد |  |
 | | | جوان کی موت اور پولیس کے مظاہرے کی انکوائری شروع ہو گئی ہے |
اسلام آباد میں منگل کے روز پنجاب پولیس کے ایک جوان کی ہلاکت اور پولیس کے جوانوں کے مظاہرے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ انکوائری کا حکم آئی جی پنجاب پولیس احمد نسیم نے دیا ۔ اے آئی جی آپریشنز عبدالمجید کھوکھر کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے جنہوں نے بدھ کے روز راولپنڈی میں ان پندرہ پولیس اہلکاروں کے بیانات قلمبند کیے جو مظاہرے میں موجود تھے۔ تھانہ آبپارہ کے انسپکٹر رشید نیاز بھی انکوائری افسر کے سامنے پیش ہوئے اور منگل کے روز ہونے والے واقعہ کی تفصیلات بیان کیں۔ ان کے مطابق زیادہ تر افراد نے ایس پی اشرف گجر اور پنجاب کانسٹیبلری کے ریزرو انسپکٹر محمد الیاس کے رویے کے خلاف بیان دیئے۔ اشرف گجر کے پاس اسلام آباد میں بارہ سو کے قریب پنجاب پولیس کے جوانوں کی کمان تھی۔ ادھر پولیس محمد الیاس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔ ان کے خلاف کانسٹیبل امام بخش کی ہلاکت کے سلسلے میں شبہہ قتل عمد کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پنجاب کانسٹیبلری کے اکیس سالہ امام بخش گزشتہ چار دن سے بیمار تھے، اور الزام ہےکہ کئی مرتبہ کی درخواست کے باوحود انہیں چھٹی نہیں دی گئی۔منگل کے روز ان کی موت ہوگئی جس پر پنجاب کانسٹیبلری کے بارہ سو کے قریب جوانوں نے آبپارہ چوک میں پانچ گھنٹے تک مظاہرہ کیا جو ڈی آئی جی راولپنڈی کے حکم پر ختم کیا گیا ۔
|