نشریات جزوی طور پر ’معطل‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے نواحی علاقوں میں پاکستان کے دو پرائیویٹ ٹی وی چینلوں کی نشریات جمعہ کے روز کئی گھنٹوں سے جزوی طور پر معطل ہیں۔ کیبل ٹی وی چینل ’اے آر وائی ون ورلڈ‘ اور ’آج‘ ٹی وی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں نشریات معطل کرنے کے بارے میں حکومت کی جانب سے کوئی نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا۔ انتظامیہ کے مطابق انہیں کیبل آپریٹروں نے بتایا ہے کہ اے آر ون ورلڈ اور آج کی فیڈ معطل کرنے کا حکم پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے دیا ہے۔ ’آج‘ ٹی وی کے ایک سینیئر اہلکار کے مطابق پیمرا کے چیئرمین نے ٹی وی چینل کے مالکان کو بتایا ہے کہ انہیں اپنے ہوم سٹیشن کے علاوہ کہیں سے بھی براہِ راست نشریات کے لیے خصوصی اجازت نامہ لینا ہوگا۔ اہلکار کے مطابق نئے حکومتی احکامات سے’آج‘ کی ستر فیصد براڈکاسٹ متاثر ہو گی۔ پاکستان کے دو نیوز ٹی وی چینلوں کی نشریات ایک ایسے موقع پر معطل کی گئی ہیں جب ایک ہی روز پہلے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے الیکٹرانک میڈیا کو خبر دار کیا ہے کہ حکومت فوج اور عدلیہ کی ننقید کو برداشت نہیں کرے گی۔ دو روز پہلے ہی صدر جنرل پرویز مشرف نے جہلم میں فوجی افسران سے خطاب کرتے ہوئے الیکٹرانک میڈیا کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ الیکٹرانک میڈیا حکومت کی کارکردگی کے بارے میں حقائق کو توڑ موڑ کر پیش کرکے ابہام پیدا کر رہا ہے جس سے عوام میں ناامیدی پیدا ہو رہی ہے۔ ادھر پنجاب سے آنے والی اطلاعات کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں ٹی وی چینلز ’آج‘ اور ’اے آر وائی‘ کی نشریات جزوی طور پر بند رہیں۔ لاہور سے صحافی امداد علی سومرو کے مطابق اے آر وائی کے لاہور میں بیوروچیف نصراللہ ملک کا کہنا ہے کہ پنجاب میں خانیوال، سرگودھا، وہاڑی سمیت کئی شہروں سے نشریات بند ہونے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔
نصراللہ ملک کا کہنا تھا کہ نامہ نگار جب کیبل آپریٹرز سے چینل بند رکھنے کی وجہ پوچھتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ انہوں نے ایسا انتظامیہ کے حکم پر کیا ہے۔ لیکن انتظامی افسروں سے رابطہ کرتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے ایسی کوئی ہدایت جاری نہیں کی ہے۔ آج ٹی وی لاہور کے بیورو چیف نعمان یاور کے مطابق شمالی پنجاب کے اکثر علاقوں میں نشریات جزوی طر پر بند کر دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی، چکوال اور سرگودھا سے ایسی شکایات موصول ہوئی ہیں، تاہم لاہور یا سنٹرل پنجاب کے باقی علاقوں میں نشریات ابھی تک دیکھی جا رہی ہیں۔ دوسری طرف ٹی وی چینلز کی براہ راست نشریات پر پابندی کے خلاف لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ہے۔ لیبر پارٹی پاکستان کی جانب سے جمعہ کے روز پریس کلب کے سامنے درجنوں لوگوں نے احتجاج کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں شریک مرد و خواتین نعرے بازی کر رہے تھے بوٹوں والو صحافت پر حملے بند کرو، صحافیوں پر تشدد بند کرو، لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی اور لٹ کے کھا گیا جی ایچ کیو۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سندھی قوم پرست رہنماء رسول بخش پلیجو نے موجودہ بحران میں ذرائع ابلاغ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم میڈیا کے ساتھ ہے۔ ’میڈیا پر قدغن حکمرانوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کرنے کی وجہ سے لگائی جا رہی ہے‘۔ |
اسی بارے میں ہنگاموں کی کوریج، ’آج‘ پر فائرنگ12 May, 2007 | پاکستان پاکستان:’چھ صحافی قتل، پچاس اغواء‘03 May, 2007 | پاکستان پیمرا پر پارلیمانی وزیر کی تنقید 27 April, 2007 | پاکستان ’آج‘ اور فوجی حکومت کا رشتہ24 April, 2007 | پاکستان پیمرا کا ’آج‘ ٹی وی کو نوٹس23 April, 2007 | پاکستان نجی ٹی وی چینل پر پولیس کا ’حملہ‘16 March, 2007 | پاکستان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||