پاکستان:’چھ صحافی قتل، پچاس اغواء‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان میں صحافیوں کی تنظیم ’پی ایف یو جے‘ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سنہ دو ہزار چھ کے دوران ملک میں ایک ایڈیٹر سمیت چھ صحافیوں کو قتل کیا گیا جبکہ پچاس سے زائد صحافیوں کو خفیہ ایجنسیوں اور سکیورٹی فورسز نے اغواء کر کے تشدد کا نشانہ بنایا۔ پاکستان میں آزادی صحافت کا دن ایسے وقت منایا جا رہا ہے جب صحافیوں کے تحفظ کی ایک عالمی تنظیم ’سی پی جے، نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کو دنیا کے ان دس ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہے جو آزادی صحافت پر پابندیوں میں سرفہرست ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس پاکستان میں صحافیوں کے خلاف تشدد کے نئے رجحانات سامنے آئے اور صحافیوں کے اہل خانہ کو بھی تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق قبائلی علاقوں اور بلوچستان میں سکیورٹی ایجنسیوں اور پریشرگروپوں کی دھمکیوں اور تشدد کی وجہ سے بیشتر صحافیوں نے اپنا پیشہ ترک کر دیا ہے۔ ’پی ایف یو جے، کے مطابق گزشتہ برس وزیرستان کے صحافی حیات اللہ خان کو اغوا کے بعد قتل کیا گیا جبکہ وزیرستان میں ہی بی بی سی کے نامہ نگار دلاور خان وزیر کو اغوا کیا گیا اور ان دونوں صحافیوں کے چھوٹے بھائیوں کو بھی قتل کر دیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فوٹو جرنلسٹ شعیب خان ایک خود کش حملہ میں جہاں اپنی دائیں آنکھ اور قوت گویائی سے محروم ہوگئے وہیں اب وہ چلنے پھرنے سے بھی قاصر ہں۔ صحافیوں کی تنظیم نے اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ برقی میڈیا کے بیشتر چینلز پر حکومتی دباؤ بڑھایا گیا اور انہیں ’پریس ایڈوائس، جاری کی گئی۔ ’پی ایف یو جے، نے میڈیا مالکان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صحافیوں کی مناسب تربیت کا انتظام کرے اور انہیں انشورنس اور طبی سہولیات فراہم کریں۔ آّزادی صحافت کے عالمی دن پر اسلام آباد اور راولپنڈی کے صحافیوں کی تنظیم ’آر آئی یو جے‘ کے زیرانتظام بلیو ایریا سے پارلیمان تک جلوس نکالا گیا۔جلوس کے شرکاء ’صحافیوں کا قتلِ عام بند کرو اور میڈیا پر پابندیاں نامنظور‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
جلوس کے شرکاء نے فلسطین کے شہر غزہ سے اغوا ہونے والے بی بی سی کے صحافی ایلن جونسٹن اور الجزیرہ کے گوانتانامو بے میں قید صحافی کی بھی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ اسلام آباد میں نکالے گئے جلوس کے شرکاء نے بینر اور کتبے بھی اٹھا رکھے تھے جن پر آج ٹی وی، رائل ٹی وی اور دیگر نجی ٹی وی چینلز پر پابندیوں اور ان کی نشریات منقطع کرنے کے خلاف نعرے درج تھے۔ کراچی سے بی بی سی کے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق نجی ٹی وی چینلز سے وابستہ صحافیوں اور کیمرہ مینز کی ایک تنظیم ’اے ٹی جے‘ نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور صحافیوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا جبکہ کراچی میں ’پی ایف یو جے، کے زیر انتظام ایک سیمینار بھی منعقد کیا جا رہا ہے۔ ملک کے دیگر شہروں میں بھی صحافیوں کی مقامی تنظیمیں یوم آزادی صحافت کے حوالے سے مختلف پروگرام منعقد کر رہی ہیں۔ | اسی بارے میں کراچی میں آزادی صحافت ریلی19 March, 2007 | پاکستان اخبار پر پابندی کے خلاف احتجاج23 February, 2007 | پاکستان پچاس روز سے لاپتہ صحافی کے لیےمظاہرہ19 February, 2007 | پاکستان ’ایجنسیوں نےقتل کیا‘05 December, 2006 | پاکستان حکومت دلاور کو بازیاب کرائے: مشترکہ قرارداد21 November, 2006 | پاکستان دلاور وزیر: ابھی تک کوئی سراغ نہیں20 November, 2006 | پاکستان باجوڑ: مقامی صحافی گرفتار06 November, 2006 | پاکستان اسلام آباد میں سینئر صحافی قتل01 November, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||