وکلاء کے خلاف بغاوت کا مقدمہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی پولیس نے ملک کے فوجی صدر جنرل پرویز مشرف کا پتلا نذر آتش کرنے پر وکلاء رہنماؤں اور کراچی بار کے ارکان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیاہے۔ ان لوگوں پر ہنگامہ آرائی کرنے اور صدر اور متحدہ قومی موومینٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف نعرے بازی کرنے اور مملکت کے خلاف سازش کرنے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ یہ مقدمہ رسالہ تھانے پر درج کیا گیا ہے جس میں مدعی ریاست کی جانب سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر شاہ رخ بنے ہیں۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ڈیڑھ سو سے زائد وکلاء نے جمعرات کو سیشن کورٹ ساؤتھ سے جلوس نکالا اور بندر روڈ پر جنرل پرویز مشرف کے خلاف نعرے بازی کی اور ان کا پتلا نذر آتش کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق جلوس میں شریک وکلاء نے مشرف کے پتلے پر جوتیوں کے ہار ٹانگے ہوئے تھے اور اس پر لکھا تھا کہ ’وکلاء مجھے معاف کرو میں وردی نہیں پہنوں گا‘ جبکہ بعض شرکاء نے حکمران جماعت متحدہ قومی موومینٹ کے قائد الطاف حسین کی تصویر بھی اٹھا رکھی تھی جس پر تحریر تھا کہ ’پاکستان آجاؤ یہ تمہاری جاگیر ہے‘۔ رسالہ تھانے کے سب انسپکٹر عرفان کا کہنا ہے کہ وکلاء نے دفعہ 144 کی بھی خلاف ورزی کی جلوس نکالا اورحکومت کی اہم شخصیات کے خلاف نعرے بازی کی جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سعید قریشی، فہیم ضیاء، محمود الحسن، شہادت اعوان، محمد مسکین، چوہدری عبدالستار، مشتاق اعوان، ارشد جدون خان، عاقل لودھی، ناہید افضال، عبدالحفیظ بلوچ، سردار طارق خان نیازی، حسن لند اور مشتاق جہانگیری کے علاوہ ڈیڑھ سو سے زائد نامعلوم وکلاء کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ کراچی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل نعیم قریشی نے پولیس کے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلاء حکومت کے ان ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور چیف جسٹس کی بحالی اور عدلیہ کی آزادی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی وکیل کو گرفتار کیا گیا تو وہ جیل بھرو تحریک شروع کردیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل حیدرآباد میں بھی چیف جسٹس کی حمایت میں جلوس نکالنے پر اور جنرل مشرف کا پتلا نذر آتش کرنے پر سندھ بار کونسل کے وائس چئرمین امین لاکھانی، وکیل اور سابق سول جج ظفر راجپوت سمیت 150 سے زائد وکلاء اور درجن بھر مقامی سیاسی رہنماؤں کے خلاف بغاوت اور ہنگامہ آرائی کے دو الگ الگ مقدمات درج کئے گئے تھے تاہم بعد میں سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ نے ان مقدمات میں وکلاء کو گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کراچی بار کے سیکرٹری نعیم قریشی نے 12 مئی کو سٹی کورٹس کے احاطے اور اطراف میں وکلاء پر ہونے والے مبینہ تشدد اور حبس بے جا میں رکھنے کے واقعات کا مقدمہ ایم کیو ایم کے کارکنان، پولیس اور حکومت سندھ کے متعلقہ حکام کے خلاف سٹی کورٹ تھانہ پر درج کرایا تھا جو ایڈیشنل سیشن جج کراچی جنوبی کے حکم پر درج کیا گیا تھا۔ تاہم تھانیدار نے وکلاء کی شکایات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے تفتیش روک دی تھی جس پر وکلاء نے دوبارہ عدالت سے رجوع کیا تھا اور عدالت نے مقدمے کو بحال کرکے تحقیقات کے لئے تفتیشی پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔ | اسی بارے میں کراچی میں وکلاء پر حملے کی FIR بحال30 May, 2007 | پاکستان ’سیاسی نعرہ بازی، عدالت نوٹس لے‘27 May, 2007 | پاکستان ’خلیفہ سے سوال ہوسکتا تومشرف سے کیوں نہیں‘29 May, 2007 | پاکستان سیمینار، سماعت فل بینچ کرےگا31 May, 2007 | پاکستان صوبہ بدری کے احکامات واپس24 May, 2007 | پاکستان وکلاء کا احتجاج اور عدالتی بائیکاٹ 24 May, 2007 | پاکستان ’عدالت کا تقدس پامال ہوا ہے‘29 May, 2007 | پاکستان ’شرارت کرو گے تو جج بنا دوں گا‘23 May, 2007 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||