پناہ گزینوں اور پولیس میں جھڑپ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کوئٹہ میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مرکز کے باہر احتجاج کرنے والے غیر رجسٹرڈ افغانیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں ایک انسپکٹر سمیت تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تصادم اس وقت شروع ہوا جب مشتعل مظاہرین نے اقوام متحدہ کے دفتر پر پتھراؤ کیا تو انہیں منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ پاکستان میں آباد غیر رجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کو پندرہ اپریل تک واپس بھیجا جائے گا، جس کے بعد پاکستانی حکومت غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغانیوں کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت کارروائی کا ارادہ رکھتی ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے حکام کے مطابق پتھراؤ ان افغانیوں نے کیا ہے جنہیں ادارہ نے وطن واپسی کے لیے امداد فراہم کرنے سے معذوری کا اظہار کیا تھا۔
جمعرات کی صبح افغانیوں نے کوئٹہ چمن شاہراہ کو کچلاک کے قریب بند کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے مرکز پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ جس پر پولیس کو طلب کیا گیا۔ مظاہرین سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ وہ واپس اپنے ملک جانا چاہتے ہیں لیکن ان کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔ ایک خاتون نے روتے ہوئے بتایا کہ اس کے چھ بچے ہیں اور شوہر بیمار ہیں، لیکن اس کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ خاتون نے تصویریں اور کارڈ دکھاتے ہوئے کہا ’خدا کے لیے میری مدد کرو میں اپنے وطن جانا چاہتی ہوں وہیں روزی روٹی کا کوئی انتظام کر لوں گی‘۔ افغانیوں نے کہا کہ وہ کئی روز سے یہاں موجود ہیں پانی اور خوراک کی کمی ہے بچے بھوک سے رو رہے ہیں لیکن انہیں افغانستان واپس بھجوانے کے لیے اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
اقوام متحدہ کا ادارہ افغانستان واپس جانے والے افراد کو فی کس سو ڈالر فراہم کر رہا ہے اور ایک خاندان میں دس سے پندرہ افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے مرکز کے باہر اپنے کیمپ لگا رکھے ہیں۔ اس بارے میں یو این ایچ سی آر کی تعلقات عامہ کی افسر دنیا اسلم خان سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ان میں ایسے لوگ ہیں جو دوسری مرتبہ امداد حاصل کرنے آئے ہیں اور ایسے بھی ہیں جو خاص افغانستان سے یہ امداد لینے کچھ ہی روز پہلے آئے ہیں۔ اس سال مارچ سے اب تک پاکستان بھر سے کوئی ایک لاکھ چالیس ہزار افغان پناہ گزینوں کو واپس بھجوایا گیا ہے، جن میں سے چھبیس ہزار بلوچستان اور ایک لاکھ سے زائد پناہ گزینوں کو صوبہ سرحد سے روانہ کیا گیا ہے۔ |
اسی بارے میں افغانوں کی پاکستان سے جانے کی شرط16 February, 2007 | پاکستان لاکھ سے زائد افغان پناہ گزین واپس11 July, 2006 | پاکستان افغان مہاجرین کی واپسی میں تیزی23 August, 2005 | پاکستان وزیرستان سے پناہ گزینوں کا انخلاء08 June, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||