BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 14 February, 2007, 17:06 GMT 22:06 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
باجوڑ میں شیو بنوانے والے مایوس

باجوڑ ہئر ڈریسرز
ہئر ڈریسر اپنے اجتماعی فیصلے پر خوش ہیں کہ غیر شرعی کام سے بچ گئے
پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ میں دھمکی آمیز پمفلٹ جاری ہونے کے بعد روزانہ داڑھی بنوانے یا شیو کرانے کے خواہش مند درجنوں افراد ہئر ڈریسروں کی دکانوں سے مایوس لوٹ رہے ہیں۔

ہئر ڈریسروں کی دوکانوں میں آویزاں بورڈوں پر درج ہے کہ’ہمیں داڑھی یا شیو بنانے پر مجبو ر نہ کیا جائے،۔

لیکن عنایت کلی میں ایک ہئر ڈریسر باچا صاحب کے بقول اس کے باوجود لوگ آتے ہیں ’صرف منگل کے روز میں اپنے پندرہ گاہکوں کو منع کرچکا ہوں‘۔

باچا صاحب معاشی نقصان کے باوجود اس اقدام سے خوش ہیں کیوں کہ ان کے بقول ’ہمارے پیشے کو سخت گیر مذہبی اور قبائلی معاشرہ میں پہلے ہی سے اچھا مقام حاصل نہیں تھا۔لوگ اس لیے بھی نفرت کرتے ہیں کہ ہم لوگوں کی داڑھیاں مونڈنے کے غیر شرعی عمل کے مرتکب ہو رہے ہیں لیکن دھمکی کے بعد ہئر ڈریسروں نے جو متفقہ فیصلہ کیا اس سے کم از کم یہ دھبہ بھی دھل جائے گا‘۔

پچیس سالہ گل باڈی جوگذشتہ آٹھ سال سے دکان پر جا کر شیو بنواتا ہے جب ہئرڈریسر کی دوکان پر پہنچا تو اسے پتہ چلا کہ شیو بنوانے پر پابندی لگ چکی ہے لہذا انہوں نے داڑھی رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔

داڑھی رکھنے کا فیصلہ کر لیا
 گل باڈی جوگذشتہ آٹھ سال سے دکان پر جا کر شیو بنواتا تھا، جب ہئرڈریسر کی دوکان پر پہنچا تو اسے پتہ چلا کہ شیو بنوانے پر پابندی لگ چکی ہے لہذا انہوں نے داڑھی رکھنے کا فیصلہ کر لیا

گل باڈی کا کہنا ہے ’میں ہئر ڈریسروں کا فیصلہ درست سمجھتا ہوں۔ میں نے دو دن سے شیو نہیں کیا ہے اور اب داڑھی رکھ رہا ہوں کیونکہ مجھ پر معاشرتی دباؤ زیادہ تھا۔ جب میں نے جب پہلی مرتبہ شیو کیا تھا تو بعض رشتہ داروں نے میرا سماجی بائیکاٹ کر دیا تھا۔ عام لوگ علیک سلیک سے بھی کتراتے رہے‘۔

لیکن اس کے برعکس ہئر ڈریسروں کے اس فیصلہ کو باجوڑ کے نوجوانوں کی زیادہ حمایت حاصل نہیں ہے۔ بائیس سالہ طالب علم جلاالدین خان جنہوں نے حال ہی میں حج بھی کیا ہے اس فیصلہ پر خاصا برہم ہیں۔

جلال الدین خود بھی کلین شیو کرتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ ’نوجوانوں کی خواہشات کا گلا گھونٹا جا رہا ہے اور باجوڑ میں نامعلوم افراد کے نام پر معلوم عناصر تنگ نظر اسلام کو فروغ دے رہے ہیں۔میں مانتا ہوں کہ داڑھی رکھنا سنت نبوی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ لوگوں پر زبردستی اسلام مسلط کیا جائے‘۔

تنگ نظری کو فروغ دیا جا رہا ہے
 ’نوجوانوں کی خواہشات کا گلا گھونٹا جا رہا ہے اور باجوڑ میں نامعلوم افراد کے نام پر معلوم عناصر تنگ نظر اسلام کو فروغ دے رہے ہیں

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیٹکل انتظامیہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ان نامعلوم افراد کا پتہ لگائیں اور ہئر ڈریسروں کو تحفظ فراہم کریں تاکہ وہ اپنا فیصلہ واپس لیں۔

باجوڑ کے اراکین اسمبلی کا دھمکی کے نتیجے میں داڑھی مونڈوانے اور شیو بنانے کے مسئلہ پر نقطہ نظر مختلف ہیں۔ متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی مولانا صادق کو پمفلٹ جاری کرنے میں بھی ہندوستان کا ہاتھ دکھائی دیتا ہے تاکہ اسلام کو ڈھال بنا کر باجوڑ میں شر اور فساد پھیلا یا جاسکے۔

اب داڑھی رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے

جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر ہندوستان لوگوں کو سنت نبوی پر کاربند کرتا ہے تو اس سے متحدہ مجلس عمل کے نفاذ شریعت کا راستہ ہموار نہیں ہوتا؟ تو اس پر مولاناصادق تذبذب کا شکار ہوئے اور کہا کہ ان کے اس عمل میں اخلاص کا فقدان ہے۔

باجوڑ سے نو منتخب اور کلین شیو رکن قومی اسمبلی شہاب الدین خان کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز خطوط جاری کرنا اب باجوڑ میں ایک معمول بن چکا ہے جس پر اتنا سنجیدہ نہیں ہونا چاہیے۔ان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل پمفلٹ میں دھمکی دی گئی تھی کہ لڑکیوں کو سکول نہ بھیجا جائے لیکن اس دھمکی کو نظر انداز کیا گیا جب کہ مجھے الیکشن میں حصہ نہ لینے کی دھمکی دی گئی تھی۔

شہاب الدین خان الزام لگاتے ہیں کہ اس میں کچھ سیاسی جماعتیں ملوث ہیں جو سیاسی مفادات کا حصول چاہتے ہیں۔

پہلے سود اور عورتوں کا حق
 ’داڑھی رکھنا سنت رسول ہے جس سے انکار کرنا ممکن نہیں ہے لیکن پمفلٹ جاری کرنے والے پہلے سودی کاروبار کرنے والوں اور جائیداد میں عورتوں کو حصہ نہ دینے والوں کو دھمکی دیں

ان کا مزید کہنا تھاکہ ’داڑھی رکھنا سنت رسول ہے جس سے انکار کرنا ممکن نہیں ہے لیکن پمفلٹ جاری کرنے والوں کو سب سے پہلے سودی کاروبار کرنے والوں اور جائیداد میں عورتوں کو حصہ نہ دینے والوں کو دھمکی دینی چاہیے‘۔

شہاب الدین کے بقول ’زبردستی اسلام مسلط کرنے کا انجام بہت خطرناک ہوتاہے لہذا پمفلٹ جاری کرنے والوں کو افغانستان میں طالبان کے انجام سے سبق حاصل کرنا چاہیے‘۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد