نابیناؤں کے لیے انٹرنیٹ کیفے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بینائی سے محروم افراد کے لیے یوں تو دُنیا جہاں میں سہولیات کا فقدان ہے۔ مگر پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں ایسے افراد کے لیے زندگی اور بھی زیادہ کٹھن ہوتی ہے۔ اسی کے پیشِ نظر یہ بات اُمید کی کرن سے کم نہیں کہ ملک کے پہلے بصارت سے محروم افراد کے لیے انٹرنیٹ کیفے کا اسلام آباد میں افتتاح ہوگیا ہے۔ اس اچھوتے کیفے کا قیام ملک میں بینائی سے محروم افراد کے لیے کام کرنے والی تنظیم پاکستان فاؤنڈیشن فائٹنگ بلائنڈنیس( PFFB) اور ورلڈ بینک کی مدد سے ممکن ہوا۔ فاؤنڈیشن کی چیئر پرسن ڈاکٹر سلمٰی مقبول نے، جوکہ خود بھی بصارت سے محروم ہیں بی بی سی کو بتایا کہ اس انفارمیشن ٹیکنالوجی ہیلپ لائن پراجیکٹ کی بدولت نہ صرف بصارت رکھنے والے اور بصارت سے محروم افراد کے درمیان تکینیکی فاصلے کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ بلکہ نابینا شہریوں کو قومی زندگی کے دھارے میں برابری کے درجے کا حصول بھی ممکن ہوگا۔
ابتدائی طور پر یہ انٹرنیٹ کیفے دن میں تین گھنٹے کے لیے سہ پہر چار بجے سے شام سات بجے تک کھلے گا۔ یہ انٹرنیٹ کیفے صرف بصارت سے محروم افراد کے لیے ہوگا جن کے لیے انٹرنیٹ کا استعمال فری ہوگا۔ انٹرنیٹ کیفے میں پانچ ایسے کمپیوٹرز رکھے گئے ہیں جن میں جاز (JAWS) نامی خصوصی سافٹ وئیر ڈالا گیا ہے جو نابینا افراد کی مختلف آوازوں کی مدد سے انٹرنیٹ سرفنگ میں معاونت کرے گا۔ یہ تمام کمپیوٹرز برق رفتار (DSL) کنکشن سے چلیں گے جن سے انٹرنیٹ سرفنگ میں سہولت ہوگی۔ ڈاکٹر سلمٰی نے کہا کہ ٹیکنالوجی انسانوں کو برابری حاصل کرنے میں مدد دیتی ہے اور اس خصوصی انٹرنیٹ کیفے کی بدولت بصارت سے محروم افراد جدید ترقی کے سب سے بڑے خزانے یعنی انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کرسکیں گے جس سے اُن کی علمی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہوگا۔
ورلڈ بینک کے اندازے کے مطابق پاکستان کی دس فیصد آبادی معذور افراد پر مشتمل ہے جن میں بصارت سے محروم افراد بھی شامل ہیں۔ محمد عاطف شیخ نے جوکہ تنظیم سپیشل ٹیلنٹ ایکسچینج پروگرام (STEP) کے پریذیڈنٹ ہیں، انٹرنیٹ کیفے کے قیام کو خوش آئند قرار دیا لیکن اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ کام بہت دیر سے شروع ہواہے اور اُس کی وجہ یہ ہے کہ ’ہم صلاحیتوں کو صحیح طور پر استعمال نہیں کرتے۔ اگر صلاحیتوں کو صحیح طور پر بروئے کار لایاجاتا تو یہ کام بہت پہلے ہوسکتا تھا۔ وہ خود نا صرف بہت پہلے سے اس سافٹ وئیر کے بارے میں جانتے ہیں بلکہ اُن کی تنظیم بصارت سے محروم افراد کو بھی کافی عرصے سے اس سے متعارف کروا رہی ہے‘۔ اُنہوں نے بتایاکہ پاکستان کی پہلی ویب سائٹ pk.org.step ہے جو بصارت سے محروم افراد کے لیے سو فیصد معاون ہے۔ اس کا ہر حصہ بصارت سے محروم افراد جاز سافٹ وئیر کی مدد سے سن سکتے ہیں۔ دکھائی دیتا ہے کہ بصارت سے محروم افراد اس انٹرنیٹ کیفے کے ذریعے بصیرت حاصل کریں گے اور یوں ٹیکنالوجی کے حصول کے ذریعے اہلِ بصارت کی فوقیت کو زائل کرسکیں گے۔ |
اسی بارے میں کیڑوں جیسی مصنوعی آنکھ28 April, 2006 | نیٹ سائنس آئی ٹی اور بینائی و سماعت کی کمی 15 April, 2006 | نیٹ سائنس اندھےپن کی وجہ، دو جین دریافت 06 March, 2006 | نیٹ سائنس ویاگرا: نابینا ہونے کے رسک پر تحقیق27 May, 2005 | نیٹ سائنس نابیناؤں کے لیے بائیونک آنکھ 05 April, 2005 | نیٹ سائنس بینائی واپس آ سکے گی30 January, 2005 | نیٹ سائنس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||