جے یو آئی (ف) خواتین کا مطالبہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جمعیت علماء اسلام (ف) خواتین ونگ نے تحفظ خواتین بل میں مجوزہ ترامیم کومغربی ایجنڈا قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اگر حکومت واقعی خواتین کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے تو ترامیم کی بجائے ان قوانین پر عمل درآمد میں حائل روکاوٹوں کو دور کرے۔ پیر کے روز پشاور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعت علماء اسلام (ف) خواتین ونگ کے کنوینر اور خاتون رکن قومی اسمبلی شاہدہ اختر علی نے کہا کہ حدود آرڈنینس میں حدود اللہ بیان کی گئی ہیں جن کو بدلنے کا اختیار کسی کو بھی نہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ حدود قوانین کے نفاذ میں چند چیزوں کا خیال نہیں رکھا گیا جس کی وجہ سے خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم بقول ان کے یہ بات ان قوانین میں تبدیلی یا منسوخی کا جواز نہیں بن سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحفظ خواتین بل میں حدود اللہ اور تعزیرات کو علیحدہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے حالانکہ یہ دونوں جڑواں ہیں اور ان کو ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔ شاہدہ اختر علی کے مطابق حد اور تعزیر کو الگ کرنے سے دونوں پر عمل ممکن نہیں ہو سکے گا اور دونوں الگ الگ قانون بن جائیں گے اور بقول ان کے اس سے معاشرے میں ایک سنگین جرم کی سزا کا خوف جاتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حدود قوانین میں زنا بالجبر کے شق کو تبدیل کرنے کے لیئے سارے قانون کو ٹکڑے ٹکڑے کردیا گیا ہے اور حکومت یہ سب کچھ مغرب اور این جی اوز کے ایجنڈے پر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ بل میں زنا بالرضا کو حدود آرڈنینس کی دفعہ دس کے تحت حذف کیا گیا ہے یعنی اس کی سزا بالکل ختم کردی گئی ہے جب کہ زنا بالجبر کی سزا جو پہلے سنگسار تھی اس میں بھی تخفیف کرکے اب یہ سزا عمر قید یا کم ازکم دس سال کردی گئی ہے۔ شاہدہ اختر نے بتایا کہ اگر حکومت واقعی خواتین کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے تو اسے خواتین کو درپیش غربت ، تعلیم ، صحت اور عدم تحفظ کے مسائل پر توجہ دی جانی چاہیئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس بل کو فوری طورپر واپس لیا جائے اورایسے قوانین سے اجتناب کیا جائے جو شعائر اسلام کے منافی ہوں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات آصف اقبال داودزئی، جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالجلیل جان اور جے یو آئی (ف) کی خواتین رکن قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھیں۔ |
اسی بارے میں حدود مقدمات کی تفصیلات طلب09 July, 2006 | پاکستان حدود آرڈینینس کی شکار خواتین20 April, 2006 | پاکستان حدود قوانین پر فیصلہ مؤخر28 March, 2006 | پاکستان حدود قوانین کی نظرثانی پر اجلاس 27 March, 2006 | پاکستان حدود قوانین منسوخ کرنے کا مطالبہ07 February, 2006 | پاکستان حدود قوانین کی تنسیخ کا بل پیش 07 February, 2006 | پاکستان حدود قانون ترمیم، حکومتی مخالفت06 December, 2005 | پاکستان ’حدود قوانین میں ترمیم ہو گی‘25 November, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||