بلا مقابلہ منتخبوں کی بڑھتی تعداد | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پنجاب کے ضلع گجرات میں اب تک بارہ یونین کونسلوں کے ناظم اور نائب ناظم بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ گجرات پنجاب کے وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہی اور ملک کے سابق نگران وزیر اعظم شجاعت حسین کا حلقہ انتخاب اور آبائی گھر بھی ہے۔ بلا مقابلہ منتخب ہونے والے امیدوار چودھری شجاعت حسین گروپ کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لے رہے تھے۔ حزب اختلاف کے حمایت یافتہ عوام دوست گروپ کا کہنا ہے کہ ان کے امیدواروں کو ڈرا دھمکا کر دستبردار کرایا جارہا ہے جبکہ چودھری شجاعت گروپ کا کہنا ہے کہ مخالف پارٹی کے پاس ان کے مقابلہ کے لیے امیدوار نہیں ہیں۔ یونین کونسلوں کے ناظم ضلع کونسل کے ناظم اور یونین کونسلوں کے نائب ناظم تحصیل کونسل کے ناظموں کا انتخاب کریں گے جو انتیس ستمبر کو ہوں گے۔ گجرات کی تین تحصیلوں گجرات، کھاریاں اور سرائے عالمگیر میں ایک سو سترہ یونین کونسلیں ہیں جہاں پچیس اگست کو دوسرے مرحلے میں ووٹنگ ہوگی۔ جی ٹی روڈ پر واقع گجرات شہر میں داخل ہوتے ہی جگہ جگہ بڑے بڑے بورڈ لگے نظر آتے ہیں جن پر ضلعی انتخابات کی تصاویر چودھری شجاعت حسین اور ان کے بھائی اور رکن قومی اسمبلی چودھری وجاہت حسین کی بڑی بڑی تصاویر کے ساتھ بنی ہیں۔ انتخابی اشتہار کے ان بورڈوں پر شجاعت گروپ لکھا ہے۔ گجرات کے تقریباً ایک درجن کے قریب مقامی اخباروں کے صفحات ’شجاعت گروپ‘ کے بڑے بڑے اشتہاروں اور چودھری برادران کی مقامی امیدواروں کے ساتھ تصاویر سے بھرے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے قواعد کی رُو سے بل بورڈز لگانا یا ان غیر جماعتی انتخابات میں سیاسی شخصیتوں یا نشانات کا استعمال ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ اس صورتحال میں مسلم لیگ گجرات کے ضلعی صدر چودھری طفیل کہتے ہیں کہ یہ بورڈز اس بات کا اظہار ہیں کہ چودھری شجاعت گروپ کے امیدوار صرف الیکشن لڑ ہی نہیں رہے بلکہ انہیں جیتنا بھی چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مخالف گروپ کے بورڈ اس لیے موجود نہیں کہ ان کے امیدواروں کو اپنی شکست کا علم ہے اور وہ پیسہ خرچ نہیں کرنا چاہتے۔ جی ٹی روڈ سے شہر میں داخل ہونے والی رابطہ سڑک کھدی ہوئی ہے جسے مزید چوڑا کرنے کے لیے کام جاری ہے اور وہاں پر ایک بورڈ پر لکھا ہے کہ یہ سڑک پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین تعمیر کروارہے ہیں۔ دراصل شجاعت گروپ ضلع میں گزشتہ چار سال میں کرائے جانے والے ترقیاتی کاموں کو ہی اپنے الیکشن کا بڑا نعرہ بنائے ہوئے ہے۔ مسلم لیگ کے چودھری طفیل کہتے ہیں کہ ان چار برسوں میں ضلع کے ناظم اور چودھری شجاعت کے بھائی چودھری شفاعت نے ہر شعبہ میں اتنے کام کرائے ہیں کہ یہ ضلع کی تاریخ کا بہترین دور ہے۔ گجرات شہر تک سوئی گیس کی بڑی پائپ لائن بھی بچھ گئی ہے اور ایک سال تک یہاں گھروں میں گیس مہیا کردی جائے گی۔ چھوٹے چھوٹے دیہاتوں اور بستیوں تک بجلی پہنچادی گئی ہے۔ دوسری طرف حزب مخالف کی جماعتوں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ(نواز) اور متحدہ مجلس عمل نے عوام دوست گروپ کے نام سے مشترکہ امیدوار کھڑے کیے ہیں اور اس گروپ کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی غضنفر گل کہتے ہیں کہ ان کا گروپ گجرات میں کرپشن مافیا اور لینڈ مافیا کے خلاف الیکشن لڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گجرات میں اس دور میں لوگوں کے عزیز قتل ہوئے ہیں، ان کی زمینوں پر قبضے کیے گئے ہیں، یہاں قیمتی کاروں پر ڈکیتیاں کی جاتی ہیں اور یہاں پر کوئی شخص محفوظ نہیں۔ اسی گروپ کے گجرات شہر میں انتخابی مہم کے نگراں فخر پگانوالہ کہتے ہیں کہ گجرات میں اندھیر نگری ہے۔ چودھری طفیل ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حزب مخالف کے سیاستدان علاقہ سے غیر حاظر رہتے ہیں اور ’ڈیرہ داری‘ نہیں کرتے جس وجہ سے وہ مقبول نہیں۔ مخالف گروپ کے پاس بہت سی یونین کونسلوں میں اور خاص طور پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی کے صوبائی حلقہ کے اندر یونین کونسلوں میں ناظم اور نائب ناظم کے امیدوار ہی نہیں جہاں مسلم لیگ کے مقامی حمایتی ایک دوسرے کے خلاف انتخاب لڑرہے ہیں۔ شجاعت گروپ کے رہنماء کا کہنا ہے کہ گجرات کی ایک سو سترہ میں سے بارہ یونین کونسلوں میں ان کے گروپ کے ناظم اور نائب ناظم کے امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوئے ہیں اور ان میں صرف ایک جگہ مدینہ سعیداں میں عوام دوست گروپ کا امیدوار تھا جو جعلی سند کی وجہ سے نااہل قرار دے دیا گیا۔ ان کے مطابق باقی سب حلقوں میں عوام دوست گروپ کا کوئی امیدوار ہی نہیں تھا۔ جن یونین کونسلوں میں شجاعت گروپ کے بلامقابلہ ناظم منتخب ہوئے ہیں ان میں ٹھل بکول، بھاگڑیاں والا، یو سی تینتالیس، جھیراں والی، بولے کی، ناگریاں والا، منگو والا، ٹھٹھہ موسی، حاجی والا، پیر شاہ، یو سی باسٹھ اورمدینہ سعیداں شامل ہیں۔ تاہم عوام دوست گروپ کا کہنا ہے کہ اس کے امیدواروں کو ڈرا دھمکا کر اور انہیں اغوا کرکے انہیں دستبردار ہونے پر مجبور کیا جارہا ہے تاکہ سرکاری گروپ کے زیادہ سے زیادہ ناظموں کو بلا مقابلہ منتخب کرایا جائے۔ فخر پگانوالہ کا کہنا ہے کہ ان کے ایک امیدوار ارشد محمود بھٹی کو اغواکیا گیا۔ تین روز بعد اس نے ظہور پیلس میں جاکر چودھری وجاہت کی موجودگی میں مسلم لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کردیا اور اسٹامپ پیپر پر اپنی دستبرداری کا اعلان کردیا۔ یوں شجاعت گروپ کا امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگیا۔ اسی طرح تیرہ اگست کو گجرات میں پیپلز پارٹی یوتھ کے ضلعی صدر اور نائب ناظم کے ایک امیدوار میر انجم گھر سے غائب ہوگئے۔ ان پر پولیس نے شجاعت گروپ کے امیدوار کے باڈی گارڈز کو اغوا کرنے کا مقدمہ درج کیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما الزام لگاتے ہیں کہ میر انجم کو دراصل دستبردار کرانے کے لیے اغوا کیا گیا ہے تاکہ بلجیم سے گجرات آکر ناظم کا الیکشن لڑنے والے مہر افضل کو بلا مقابلہ منتخب کرایا جاسکے۔ مسلم لیگ کے رہنما چودھری طفیل کہتے ہیں یہ الزامات جھوٹ ہیں اور جو بھی دستبردار ہوتا ہے اپنی مرضی سے ہوتا ہے، کوئی کسی کو مجبور نہیں کرتا۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض کمزور لوگ دستبردار ہونے کے بعد اپنے عزیزوں اور دوستوں کو بتانے کے لیے اغوااور دباؤ کی کہانیاں سناتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حزب مخالف کے پاس تو امیدوار ہی نہیں اور مسلم لیگ کے مقامی لوگ آپس میں ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑ رہے ہیں۔ گجرات کے دیہی علاقوں میں عوام دوست گروپ کی مہم کے نگراں نوابزادہ غضنفر گل کہتے ہیں کہ ان کے گروپ کے امیدواروں کو پولیس کی حراست میں رکھ کر دستبردار کرایا جارہا ہے۔ وہ تھانہ جلال پور جٹاں اور تھانہ کنجاہ سے اس کی متعدد مثالیں دیتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حزب مخالف کے ووٹ خراب کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنوں کی اسکیم تبدیل کی گئی ہے اور تیس تیس سال سے بنے پولنگ اسٹیشن تبدیل کردیے گئے ہیں۔ عوام دوست گروپ کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ضلع میں ناظم کے پندرہ امیدوار الیکشن کمیشن سے درخواست کرچکے ہیں کہ وہ اس ضلع کو حساس قرار دے اور پولنگ کے روز یہاں فوج تعینات کرے لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ غضنفر گل کا کہنا ہے کہ پولنگ کے روز گجرات میں خون خرابہ ہونے جارہا ہے۔ فخر پگانوالہ کا کہنا ہے کہ شجاعت گروپ انہیں بھی بندوق اٹھانے پر مجبور کررہا ہے۔ دونوں گروپوں کے الزامات اور دعووں کا سچ جھوٹ کا فیصلہ تو شاید عدالتیں ہی کرسکتی ہیں لیکن ایک بات واضح نظر اتی ہے کہ گجرات میں الیکشن کمیشن کے بعض قواعد پر عمل نہیں ہورہا اور فضا میں تناؤ اور کشیدگی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||