عدنان عادل بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور |  |
 |  منور حسن سعودی عرب کے دورہ سے واپس آئے ہیں جہاں انہوں نے جلاوطن سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات بھی کی |
جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل منور حسن نے کہا ہے کہ اس ماہ کے اندر اندر حزب اختلاف کی جماعتوں کا کم سے کم نکات پر ایک متحدہ محاذ (گرینڈ الائنس) بن جائے گا۔ منور حسن سعودی عرب کے دورہ سے واپس آئے ہیں اور انہوں نے جدہ میں جلاوطن سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات بھی کی۔ وہ آج لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ منور حسن نے بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف کا یہ اتحاد آئین اور پارلیمنٹ کی بحالی اور پرویز مشرف کی رخصتی کے نکات پر بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم جلد اس اتحاد کی خوش خبری سنے گی۔ جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے علاوہ تمام جماعتوں نے متحدہ مجلس عمل سے مقامی حکومتوں کے انتخابات میں نشستوں کی ایڈجیسٹمینٹ کے لیے رابطہ کیا جس میں حکومت میں شامل جماعتیں بھی شامل ہیں لیکن متحدہ مجلس عمل نشستوں پر ایڈجیسٹمینٹ مسلم لیگ(ن)، تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی سے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے انتخابات کے پہلے مرحلہ میں ان جماعتوں کے درمیان خیرسگالی پیدا ہوگی لیکن دوسرے مرحلہ میں حزب اختلاف کی جماعتوں کا اتحاد حکومتی امیدواروں کے مقابلہ میں ایک سے ایک کے مقابلہ کی صورت اختیار کرلے گا۔ منور حسن نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے محسوس کیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف یہ فیصلہ کرنے والے ہیں کہ وہ کس طرح جلد ملک واپس آئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نواز شریف کو روک نہیں سکے گی اور قوم یہ خبر سنے گی کہ ان کے راستے میں جو رکاوٹیں تھیں وہ دور کرلی گئی ہیں۔ |