بالا بالا ڈیل نہیں کرینگے: فہیم | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں کے اتحاد اے آر ڈی یعنی اتحاد برائے بحالی جمہوریت نے کہا ہے کہ مسلح افواج کی سیاست اور اقتدار سے مکمل بے دخلی اور بیرکوں تک واپسی تک اتحاد کی سیاسی اور جمہوری جدوجہد جاری رہے گی اور پی پی پی بالا ہی بالا حکومت سے کوئی ڈیل نہیں کرے گی۔ اسلام آباد میں اے آر ڈی کے اجلاس کے بعد اتحاد کے سیکریٹری جنرل ظفر اقبال جھگڑا نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد میں شامل تمام جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ حکومت سے مشاورت صرف اے آر ڈی کے پلیٹ فارم سے ہی کی جائے گی۔ ظفر اقبال جھگڑا نے حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان بات چیت کے بارے میں کہا کہ اتحاد کو پی پی پی کے قائم مقام صدر مخدوم امین فہیم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت سے ہر معاملہ اے آر ڈی کے پلیٹ فارم سے طے کیا جائے گا اور پی پی پی بالا ہی بالا حکومت سے کوئی ڈیل نہیں کرے گی۔ اے آر ڈی نے اجلاس میں صدر جنرل پرویز مشرف اور حکومت کی کشمیر پالیسی پر کڑی تنقید کی اور الزام لگایا کہ صدر جنرل پرویز مشرف کی طرف سے اس مسئلے کے بارے میں جو یک طرفہ حل پیش کیے جا رہے ہیں، وہ ان کی غلط سوچ کا نتیجہ ہیں جنہیں پاکستانی عوام اور کشمیریوں کی حمایت حاصل نہیں ہے۔ ظفر اقبال جھگڑا نے کہا کہ اے آر ڈی کا ایک وفد اگلے ماہ کے اوائل میں بلوچستان جائے گا اور نواب اکبر بگتی سے بات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ تاثر دینا غلط ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ اے آر ڈی نے بڑھتی ہوئی مہنگائی،لاقانونیت اور اعلی سطح پر کرپشن کے رجحانات بڑھنے کا دعوی بھی کیا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||