’اے آر ڈی تحریک چھ دسمبر سے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں حزب مخالف کے اتحاد برائے بحالی جمہوریت،’اے آر ڈی‘ نے صدر جنرل پرویز مشرف کے خلاف باضابطہ طور پر تحریک چلانے کے لیے چھ دسمبر سے جلسے جلوس منعقد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ اعلان اتحاد کے سربراہ مخدوم امین فہیم نے’اے آر ڈی‘ کے سربراہی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی تفصیل بتاتے ہوئے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ نواز کے رہنما سید ظفر علی شاہ اور خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ چھ دسمبر کو پشاور، تیرہ دسمبر کو آزاد کشمیر، بیس دسمبر کو سیالکوٹ، دو جنوری کو صوبہ سندھ کے شہر سکھر اور چودہ جنوری کو سرگودھا میں جلسہ عام منعقد کیے جائیں گے۔ امین فہیم کے مطابق لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں جلسے جلوسوں کے شیڈول کا اعلان آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ حزب مخالف کے مذہبی جماعتوں کے اتحاد’متحدہ مجلس عمل‘ کے ساتھ مل کر تحریک چلانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے ان کا آج رابطہ ہوا ہے تاہم مشترکہ تحریک کے لیے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوپایا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ چند دنوں میں مولانا فضل الرحمٰن سے دوبارہ رابطہ کریں گے اور مشترکہ جدوجہد کے بارے میں مشاورت کی جائے گی۔ متحدہ مجلس عمل نے بھی صدر جنرل پرویز مشرف کے خلاف علیحدہ سے ایک تحریک چلانے کا اعلان کر رکھا ہے اور اٹھائیس نومبر کو کراچی میں ایک جلسہ عام منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ کراچی کے ناظم نعمت اللہ خان نے جن کا تعلق بھی مجلس عمل سے ہے اپنے اتحاد کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے لیکن وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کا کہنا ہے کہ ناظم جلسوں کی اجازت دینے کا مجاز نہیں۔ حکومت اور مجلس عمل کے ایسے اختلافی ماحول میں حکمران اتحاد بھی کراچی میں اسی دن اور اسی جگہ جلسہ کرنے کی باتیں کر رہا ہے جس جگہ مجلس عمل نے اپنا جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حزب مخالف کے دونوں بڑے اتحادوں اے آر ڈی اور متحدہ مجلس عمل کے علیحدہ علیحدہ جلسے جلوس منعقد کرنے کے شیڈول سے لگ رہا ہے کہ دونوں اتحاد ’سولو فلائی‘ کرنا چاہتے ہیں۔ اگرچہ دونوں اتحادوں کا اعلانیہ موقف صدر جنرل پرویز مشرف کے خلاف تحریک چلانا ہے لیکن ابھی تک وہ مشترکہ تحریک چلانے پر متفق نہیں ہوپائے ہیں۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ حزب مخالف کے اتحادوں کے متحد نہ ہونے کا فائدہ حکومت کو ہی پہنچے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||