عبدالرشید شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی |  |
 |  بھارتی وزیرخارجہ نٹورسنگھ |
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے بدھ کی صبح بھارتی وزیرخارجہ نٹورسنگھ سے ملاقات کی ہے۔ ناشتے پر ہونے والی اس ملاقات میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورۂ بھارت خاص کر احمد آباد میں ٹیسٹ کھیلنے کے مسئلے پر بات ہوئی ہے لیکن پاکستان اپنے اس موقف پر بدستور قائم ہے کہ وہ احمد آباد میں نہیں کھیلے گا۔ ملاقات کے فوراً بعد شہریارخان نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ پاکستان احمد آباد میں ٹیسٹ کے بجائے ون ڈے کھیلنے پر راضی ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نٹورسنگھ سے ملاقات کے بعد انہوں نے دہلی میں جگ موہن ڈالمیا اور احسان مانی سے بھی بات کی ہے اور ان سے کہا ہے کہ پاکستان موجودہ صورتحال میں ممبئی میں کھیلنے کا خطرہ مول لینے کے لئے تیار ہے لیکن احمد آباد میں کھیلنا اس کے لئے ممکن نہیں کیونکہ وہ نہیں چاہتا کہ تعلقات میں جو بہتری آئی ہے وہ کسی ایک ناخوشگوار واقعہ کی نذر ہو جائے۔ جب شہریارخان سے بھارتی ذرائع ابلاغ اور ایک پاکستانی ٹی وی چینل کی اس خبر کی جانب اشارہ کیا گیا کہ پاکستان احمد آباد میں ون ڈے کھیل سکتا ہے تو شہریار خان نے کہا کہ یہ غلط ہے۔  |  پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان |
انہوں نے جگ موہن ڈالمیا سے کہا ہے کہ اگر ان کے پاس کوئی تجویز ہے تو وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھیجیں تاکہ اس پر غور ہو سکے۔ احمد آباد میں ون ڈے کھیلنے پر اسی وقت غور ہوگا جب بھارتی کرکٹ بورڈ کوئی تجویز پیش کرے گا۔ بھارتی وزیر خارجہ سے اپنی ملاقات کے بارے میں شہریار خان نے کہا کہ ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہو گیا ہے کہ کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھا جائے اور یہ دورہ ملتوی یا منسوخ نہیں ہونا چاہئے۔ شہریارخان اور نٹورسنگھ ملاقات میں یہ طے پایا کہ احمد آباد میں میچ کھیلنے کا تنازعہ حکومتیں نہیں بلکہ دونوں کرکٹ بورڈ طے کریں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دورہ 24 فروری سے شروع ہونا ہے لیکن ٹور پروگرام ابھی تک طے نہیں پا سکا ہے۔ |