مناء رانا بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور |  |
 |  احمدآباد میں ٹیسٹ کی جگہ ایک روزہ میچ ہونے کا امکان ہے |
بھارت کے خارجہ سیکریٹری شیام کرن نے کہا ہے کہ پاک بھارت سریز کے منسوخ ہونے کا کوئی امکان نہیں اور یہ دورۂ یقینی ہے۔ اسلام آباد میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے شیام کرن نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کے میچز کے مقامات کا فیصلہ حکومتوں کو نہیں دونوں کرکٹ بورڈز کو کرنا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق احمد آباد کا مسئلہ حل ہو گیا ہے اور پاکستان کی ٹیم وہاں کھیلے گی۔ پاکستان میں بھی دن بھر یہی افواہ گردش کرتی رہی لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے اہلکاروں نے اس کی تردید کی ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان مسعود خان کے مطابق نٹور سنگھ کے ساتھ بدھ کے روز ہونے والی کسی بھی ملاقات میں احمد آبار کے مسئلے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ شیام کرن نے کہا کہ احمد آباد میں ٹیسٹ میچ کروانے کے مسئلے کو دونوں بورڈ جلد حل کر لیں گے انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ یہ سریز بہت کامیاب ثابت ہو گی اور دونوں ممالک کے عوام میں رابطہ بڑھے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہر یار خان کے مطابق احمد آباد میں میچ نہ کھیلنے پر ان کا مؤقف بہت سخت نہیں اور نہ ہی ہم نے ایسا کوئی الٹی میٹم دیا ہے کہ ہمیں وہاں بالکل نہیں کھلیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ تو یہ چاہتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے تعلقات میں جو بہتری آئی ہے وہ قائم رہے اور چونکہ احمد آباد میں سکیورٹی کی صورتحال تسلی بخش نہیں تو وہاں کوئی ایسا واقعہ نہ ہو جائے جس سے ان اچھے تعلقات پر اثر پڑے۔ مبصرین کے مطابق دونوں کرکٹ بورڈز کے رویوں میں اس مسئلے پر لچک دکھائی دیتی ہے لہذا ہو سکتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ احمد آباد میں ٹیسٹ میچ کی بجائے ایک روزہ میچ کھیلنے پر آمادہ ہو جائے۔ |