تیز ہی کام آئیں گے: عمران | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے سابق کپتان عمران خان کا کہنا ہے کہ انڈیا کے ساتھ کرکٹ سیریز میں تیز بولر ہی کامیابی کی امید ہیں۔ انہوں نے کہا ’انڈیا کے خلاف سپن نہیں بلکہ تیز بولنگ ہی کامیابی دلا سکتی ہے۔ دنیا کے سب سے اچھے سپنر شین وارن انڈیا کے خلاف ناکام رہے ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کے کھلاڑی سپن کے خلاف بڑے مضبوط ہیں، ’اس لیے ہمیں تیز بولروں پر انحصار کرنا چاہیے‘۔ پاکستان کو اپنے دونوں تیز بالروں، شعیب اختر اور محمد سمیع، کی فِٹنس وجہ سے تشویش ہے۔ گزشتہ سال پاکستان میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے دوران انڈیا کے تیز بالروں نے پاکستان کے خلاف بہت عمدہ بولنگ کی تھی۔ عرفان پٹھان اور بالاجی نے بارہ بارہ جبکہ شعیب اختر اور محمد سمیع نے سات سات وکٹ لیے۔ دوسرے پاکستانی تیز بالر عمر گل اور شبیر احمد بھی فٹ نہیں ہیں اور سارا انحصار نویدالحسن پر ہی ہے۔ عمران خان کے کزن اور سابق کرکٹر ماجد خان کا بھی خیال ہے کہ انڈیا کی ٹیم سیریز میں فیورٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’گزشتہ چار سالوں میں ہم نے وہ ٹیم نہیں بنائی ہے جو باقاعدگی کے ساتھ میچ جیت سکے‘۔ ’انڈیا نے اپنے آپ کو میچ جیتے کے اہل ثابت کیا ہے اور جب میں یہ کہتا ہوں میرا مطلب ہوتا ہے کہ ان کے پاس بالر ہیں جو میچ میں بیس وکٹ تک لے سکتے ہیں اور بیٹسمین ہیں جو دونوں اننگز میں لمبی اننگز کھیل سکتے ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ میں اس بات سے متفق ہوں کہ انڈیا میں پاکستان کو آسٹریلیا جیسی جارحانہ بولنگ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ’لیکن بات کا مطلب ہے کہ پاکستان کے پہلے چاروں بیٹسمین سیریز کے دوران ناکام رہے اور یہ کوئی اچھی خبر نہیں ہے‘۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||