’کامیابی کا سہرا عمرگل کے سر ہے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے سابق کپتان عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی بولرز نے وکٹ پر گھاس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئی پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں فتح سے ہمکنار کیا۔ بی بی سی اردو سروس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کامیابی کا راز اس بات میں ہے کہ اس نے اپنی طاقت کے استعمال کے لئے حالات پیدا کیے۔ اس کی وضاحت کرتے ہوئے عمران نے کہا کہ پاکستان کی طاقت اس کی بالنگ ہے اور پاکستان نے اس سے فائدہ اٹھانے کے لئے پہلی بار وکٹ کو گنجا نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتان ٹیسٹ اور اس میچ میں فرق وکٹ پر گھاس نے پیدا کیا کیونکہ ملتان کی وکٹ صاف کر دی گئی تھی جس کا فائدہ انڈیا کے بیٹسمینوں نے اٹھایا۔ اس کے برعکس لاہور میں وکٹ پر گھاس تھی اور گیند سِیم پکڑ رہی تھی۔ عمران نے کہا کہ وہ اس کامیابی کا سہرا عمرگل کے سر باندھتے ہیں کیونکہ انہوں نے ہی انڈیا کے ٹاپ آرڈر کو آؤٹ کیا اور انڈیا بڑا سکور نہ بنا سکا۔ عمران نے کہا کہ پاکستان سیریز میں ون ڈاؤن تھا جس کے بعد واپس آنا مشکل ہوتا ہے تاہم عمرگل اس میں مددگار ثابت ہوئے۔ راولپنڈی میچ کے لئے حکمت عملی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنی طاقت کا راز ہاتھ آگیا ہے اور وہ ہے وکٹ پر گھاس۔ انہوں نے کہا کہ اگر گرم موسم میں وکٹ گنجی کر دی جائے تو پھر اس میں نمی نہیں رہتی اور بیٹسمین کے لئے مددگار ثابت ہوتی ہے۔ امپائرنگ کے بعض متنازعہ فیصلوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ نیوٹرل امپائرز کے بعد اگرچہ اب امپائرز کو تنقید کا نشانہ کم بنایا جاتا ہے تاہم امپائرنگ کو بہتر بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کا زیادہ استعمال تنقید کو مزید کم کر سکتا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||