لاہور میں پاکستان کی شاندار جیت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں بھارت کو نو وکٹوں سے ہرا کر ٹیسٹ سیریز برابر کر دی ہے۔ پاکستان کو اپنی دوسری اننگز میں میچ جیتنے کے لئے صرف چالیس رنز کی ضرورت تھی جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لئے۔ پاکستان کی طرف سے آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی عمران فرحت تھے جنہوں نے نو رنز بنائے۔ انہیں بالاجی کی گیند پر یوراج سنگھ نے کیچ کیا۔ پاکستان کے دوسرے اوپنر توفیق عمر چودہ اور یاسر حمید سولہ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ عمر گُل کو اپنی شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
بھارت نے دِن کا آغاز پانچ وکٹوں پر ایک سو انچاس کے سکور سے کیا تھا۔ وریندر سہواگ زیادہ دیر وِکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور شعیب اختر کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اسی اوور میں عرفان پٹھان بھی بغیر کوئی رن بنائے سلپ میں کیچ آؤٹ ہو ئے۔ بھارت کی طرف سے آؤٹ ہونے والے آٹھویں کھلاڑی اجیت اگرکار تھے جو سپنر دانش کنیریا کی گیند پر سلپ میں کیچ ہوئے۔ بھارت کی طرف سے آؤٹ ہونے والے نویں کھلاڑی انیک کمبلے تھے جو دانش کنیریا کی گیند پر سٹمپ ہوئے۔ دانش کنیریا نے اگلی ہی گیند پر بالاجی کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ پارتھو پٹیل باسٹھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے شعیب اختر اور دانش کنیریا نے تین، تین جبکہ محمد سمیع نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے عمر گُل نے ایک بھارتی کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ بھارت نے اپنی پہلے اننگز میں دو سو ستاسی رنز بنائے تھےجس کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں چار سو نواسی رنز بنائے۔ پاکستان کی انگز کی خاص بات کپتان انضمام الحق اور عمران فرحت کی سنچریاں تھی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||