کشمیر بس سروس پر سمجھوتے کا امکان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے وزیر خارجہ نٹور سنگھ پاکستان اور بھارت کے درمیان اعتماد کی فضا بحال کرنے کے سلسلے میں جاری مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے منگل کو پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ برطانوی وزیر خارجہ نے کابل میں افغانستان کے صدر حامد کرزئی سے ملاقات کے بعد پاکستان آنا ہے۔ موسمی خرابی کے باعث ان کا دورہ ابتداً مشکوک ہو گیا مگر بعد میں ان کے طیارے کو کابل میں اترنے کی کلیئرنس مل گئی۔ نٹور سنگھ منگل کے پچھلے پہر پاکستان پہنچیں گے۔ گزشتہ پندرہ برس کے دوران کسی بھی بھارتی وزیر خارجہ کی طرف سے پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ نٹور سنگھ پاکستان کے وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری سے مذاکرات کے دوران مظفرآباد اور سری نگر کے درمیان بس سروس شروع کرنے کے معاملے پر بات چیت کریں گے۔ تاہم مبصرین کا خیال ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے بارے میں کوئی پیش رفت متوقع نہیں ہے۔ بھارت کے دارالحکومت نئی دلی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بس سروس شروع کرنے کے مسئلہ پر دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان کسی حد تک معاملات طے پا گئے ہیں۔ نئی دہلی میں بی بی سی کے نامہ نگار سنجیو سری واستو نے دفتر خارجہ کے اعلیٰ اہکار کے حوالے سے بتایا کہ بس سروس کے مسئلہ پر پیش رفت متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد اور سری نگر کے درمیان بس سروس شروع کرنے کا معاملہ سفری دستاویزات کی نوعیت کے مسئلہ پر اٹکا ہوا تھا۔ پاکستان کا موقف تھا کہ مظفرآباد اور سری نگر کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو پاسپورٹ کی جگہ خصوصی سفری دستاویزات جاری کی جائیں۔ جبکہ بھارت پاسپورٹ کے استعمال پر زور دے رہا تھا۔ سنجیو سری واستو نے کہا ہے کہ اب دونوں ملکوں کے حکام اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اس معاملے کو انا کا مسئلہ نہیں بنایا جائے اور یہ تاثر نہیں دیا جائے کہ ایک ملک کی بات رہ گئی اور دوسرے کی رد کر دی گئی۔ تاہم دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان کیا طے پایا ہے اس کی تفصیلات نٹور سنگھ کی خورشید قصوری سے ملاقات کے بعد ہی سامنے آنے کی توقع ہے۔ نٹور سنگھ اور خورشید محمود قصوری کے درمیان مذاکرات کے دوران ایران سے بھارت تک گیس پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کی تجویز بھی زیر بحث آئے گی۔ اس دورے کے دوران نٹور سنگھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہر یار خان سے بھی ملاقات کریں گے جس میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کے حوالے سے معمالات کو طے کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ اس ملاقات میں احمد آباد میں ٹیسٹ منعقد کرانے کے مسئلہ پر بھی بات ہو گئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے احمد آباد میں ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||