مبشرزیدی بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
 |  انڈین ڈیم کی تعمیر روکنے پر تیار نہیں ہے۔ |
پاکستان نے بھارت کے ساتھ بگھلیار ڈیم پر مذاکرات میں ناکامی کے بعد عالمی بینک کو اس تنازعے کے حل کے لئے ثالث بنانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیر اعظم شوکت عزیز کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ پیر کی شب بھارت سے مذاکرات کرنے والی پاکستانی ٹیم نے وزیر اعظم کو مذاکرات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پرائم منسٹر ہاؤس کے ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ بھارت سے ڈیم کے تنازعے کےدو طرفہ حل کی تمام کوششیں ناکام ہو گئی ہیں لہٰذا ثالثی کے حل کے لئے عالمی بینک سے رجوع کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی کہ وہ عالمی بینک کے پاس ثالثی کے حل کے لئے درخواست دائر کریں اور اس سلسلے میں تمام قانونی اورتکنیکی نکات پر کام جلد مکمل کیا جائے۔ پیرکودفترخارجہ کے ترجمان مسعود خان نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اس تنازعے پر مذاکرات اسی صورت میں جاری رہ سکتے جب بھارت ڈیم کی تعمیر روکنے پر تیار ہو۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام اس بات پر راضی نہیں ہیں۔ مسعود خان نےکہا کہ پاکستان کو عالمی بینک کی ثالثی پر پورا اعتماد ہے کیونکہ عالمی بینک نے ماضی میں دونوں ممالک کے دوران معاہدہ کروایا تھا۔واضح رہے کہ سندھ طاس معاہدے میں عالمی بینک نے ثالث کا کردار ادا کیا تھا۔ |