بھارت کا پاکستان سے اظہارِ افسوس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے وزیرخارجہ کنور نٹور سنگھ نے سنیچر کے روز اپنے پاکستانی ہم منصب خورشید محمود قصوری سے فون پر بات کی اور حالیہ بارشوں میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ بھارتی وزیر خارجہ نے اپنے ملک اور عوام کی جانب سے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے خورشید قصوری سے کہا کہ وہ متاثرین کو ان کے تاثرات سے آگاہ کریں۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ بات چیت کے دوران پاکستان کے وزیر خارجہ نے انہیں کہا کہ وہ آئندہ ہفتے ان سے اسلام آباد کے دورے کے دوران ملنے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے بھارتی ہم منصب سے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ تمام مسائل پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھایا جائے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ’سرکریک‘ میں سمندری حدود کے بارے میں دونوں ممالک کے ماہرین نے سروے کے بعد اپنی رپورٹ کو حتمی شکل دے دی ہے اور اپنی متعلقہ حکومتوں کو پیش کرنے والے ہیں۔ توقع ہے کہ آئندہ ہفتے بھارت کے وزیرخارجہ نٹور سنگھ کے دورے کے موقع پر جہاں دوطرفہ امور پر بات چیت ہوگی وہاں سرینگر سے مظفرآباد تک بس سروس کی بحالی، سرکریک اور دیگر معاملات پر بھی غور ہوگا۔ بھارت میں گزشتہ سال کے وسط میں قائم ہونے والی کانگریس کی حکومت کے وزیر خارجہ کا یہ دوسرا دورہ ہوگا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||