اعجاز مہر بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی |  |
 |  اسامہ بن لادن اور ایمن الزواہری |
امریکی حکومت نے جمعہ چودہ جنوری کو پاکستان کے بعض اخبارات میں ایک بار پھر اسامہ بن لادن سمیت القاعدہ کے چودہ مطلوب شدت پسندوں کی گرفتاری پر ساڑھے گیارہ کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔ القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن اور ان کے دست راست ایمن الزواہری کی گرفتاری میں مدد کرنے والے کو ڈھائی ڈھائی کروڑ جبکہ طالبان رہنماء ملا عمر کی گرفتاری پر ایک کروڑ ڈالر انعام مقرر کیا گیا ہے۔ اشتہار میں مطلوبہ شدت پسندوں کے بارے میں معلومات دینے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھے جانے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔ گیارہ دیگر شدت پسندوں کے، جن پر فی شخص پچاس لاکھ ڈالر انعام مقرر کیا گیا ہے، نام شائع شدہ اشتہار میں اس طرح درج ہیں۔ مصطفیٰ ستریم نصر، عدنان جی الشکر جمہہ، مدحت مرسی السعید عمر، مصطفیٰ محمد فاضل، عبداللہ احمد عبداللہ، علی سید محمد مصطفیٰ البکری، سیف العادل، محسن موسیٰ متولی اتواح، شیخ احمد سالم صویدان، احمد محمد حامد علی اور انس اللبی۔ اشتہار میں تمام مطلوبہ شدت پسندوں کے ناموں کے ساتھ تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں۔ جبکہ مطلع کرنے کے لیے فون نمبر اور ای میل ایڈریس بھی درج کیے گئے ہیں۔ |