مبشرزیدی بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد |  |
اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین کے رہنما اور سینیٹر رضا ربانی کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف مقرر کیا گیا ہے۔ رضاربانی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اس بات کی اطلاع سینیٹ کے چیئرمین محمد میاں سومرو نے کراچی ٹیلیفون کر کے دی۔ انہوں نے بحیثیت قائدِ حزب اختلاف اپنی تقرری کو کسی ڈیل کا نتیجہ قرار دینے سے انکار کیا اور کہا کہ ان کی تقرری قانون کے عین مطابق ہوئی ہے۔ اس سوال پر کہ یہ تقرری دو سال کی تاخیر سے کیوں کی گئی اور ایسے وقت میں جب حکومت اور پی پی پی میں مفاہمت کی باتیں بھی ہو رہی ہیں، رضا ربانی نے کہا کہ یہ محض ایک اتفاق ہے اوران کی تقرری کو حکومت کی مفاہمت کی پالیسی سے منسلک کرنا درست نہیں ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی اخبارات میں ان کی تقرری کی خبریں پچھلے کئی روز سے شائع ہو رہی تھیں۔ رضا ربانی نے چوہدری شجاعت سے اپنی ملاقات کو اتفاقیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چودہری شجاعت کے ساتھ صرف علیک سلیک ہی کی تھی۔ |