کئی ریاستوں میں حالات سنگین | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندوستان کی ریاست بہار میں سیلاب کی وجہ سے صورت حال مزید پریشان کن بنی ہوئی ہے۔ دیگر ریاستوں اترپردیش، اتراکھنڈ اور آسام میں بھی بارشوں سے زبردست تباہی ہوئی ہے۔ بارشوں کی وجہ سے مشرقی اترپردیش میں واقع گورکھپور۔ سنولی قومی شاہراہ گزشتہ پانچ دن سے بند ہے۔ بستی، بدوان، شاہ جہاں پور اور بریلی کے اضلاع بارش کی وجہ سے سب سے زيادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ان علاقوں میں ہزاروں ایکڑ زمین زیر آب آ گئی ہے اور زراعت کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ بھوٹان کے پہاڑی علاقوں میں زبردست بارش کے سبب آسام کے نچلے علاقوں میں سیلابی صورت حال ہے۔ حالات کی نزاکت کے پیش نظر قومی شاہراہ اکتیس پر حکم امتناعی نافذ کر دیا گيا ہے۔
بنگال کی کھاڑي کے شمال میں ہوا کا دباؤ نسبتاً کم ہے۔ اڑیسہ کی حکومت نے کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ریاستی مشینری کو چوکس کردیا ہے۔ ادھراتراکھنڈ میں زبردست بارش کی وجہ سے غیر متوقع سیلاب اور تودے گرنے سے اب تک اڑتالیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ریاستی حکومت نے حالات پر قابو پانے کے لیے مرکزی حکومت سے خصوصی مددطلب کرلی ہے۔ ریاست کے چمولی، پیتھوڑا گڈھ، ادھم سنگھ نگر اور ہری دوار اضلاع میں بارش کے باعث کافی زيادہ مالی نقصان پہنچا ہے۔ بہار کے دارالحکومت پٹنہ سے ہمارے نامہ نگار ایم ایس احمد کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو دن سے بارش رکنے کے باوجود بہار کے شمال اور مشرقی اضلاع میں سیلاب کی صورت حال بدستور پریشان کن ہے۔ سیلاب زدہ مشرقی اضلاع میں امدادی کارموں میں در پیش مشکلات کی وجہ سے ریاستی حکومت نے اب بھاگلپور سے بھی بذریعہ ہیلی کاپٹر امدادی سامان پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فی الحال یہ کام پٹنہ سے ہو رہا تھا۔
سیلاب کی وجہ سے لاکھوں افراد پہلے سے ہی بےگھر ہو چکے ہیں۔ دوسرے دور کے سیلاب سے ایک بار پھر مختلف علاقوں کا سڑک اور ریل کا رابطہ ٹوٹ چکا ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں کی یہ صورت حال نیپال سے آنے والے پانی، دریاؤں کے زیر آب کٹاؤ اور پشتوں کے ٹوٹنے سے پیدا ہوئی ہے۔ دریں اثناء کشتی کے حادثوں میں موتیہاری، کھگڑیا اور گوپالگنج میں قریب بارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال سیلاب کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد تقریباً ساڑھے تین سو تک پہنچ چکی ہے۔ بارش کی وجہ سے جن علاقوں میں سیلاب کا مسئلہ بہت بڑا نہیں ہے وہاں بھی پانی جمع ہوجانے کی وجہ سے مکانات کے منہدم ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کی وجہ سے نالندہ ضلع میں ریاست کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کے آبائی مکان کی دیوار بھی گرنے کی اطلاعات ہیں۔ ریاست کے ڈزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق سیلاب کی وجہ سے ریاست میں کم از کم پونے دو لاکھ مکانات مکمل یا جزوی طور پر گر چکے ہیں۔ محکمے کے مطابق سیلاب میں ساڑھے بارہ لاکھ ہیکٹر زمین پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جن کی مالیت تقریباً تیس کروڑ روپے ہے۔ |
اسی بارے میں مون سون سے تباہی، مزید سیلاب18 August, 2007 | انڈیا انڈیا: تباہ کن سیلاب سے ہلاکتیں03 August, 2007 | انڈیا بہار: سیلاب میں ہلاکتوں کا خدشہ25 July, 2007 | انڈیا بہار سیلاب: ایک کروڑ افراد متاثر04 August, 2007 | انڈیا بہار سیلاب: بگڑتی ہوئی صورتحال03 August, 2007 | انڈیا بہار میں بارش سے لاکھوں افراد متاثر23 July, 2007 | انڈیا بہار: سیلاب سے11 لاکھ افراد متاثر 28 July, 2007 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||