بہار سیلاب: بگڑتی ہوئی صورتحال | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بہار میں سیلاب کی صورتحال دن بدن بگڑتی جارہی ہے۔ ہنگامی حالات کے کنٹرول روم کے مطابق جمعرات تک ریاست میں سیلاب سے تراسی لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سیلاب سے جمعرات تک اکتالیس افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ آزاد ذرائع یہ تعداد ڈیڑھ سو سے زائد بتا رہے ہیں۔ ریاست میں بارش اور سیلاب سے مصیبت کے بیس دن سے زائد گزرنے کے بعد حکومت، سیاسی لیڈران اور عدالت کے ساتھ ساتھ قومی میڈیا میں اب تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے اب جہاز کے ذریعے خوراک گرانے کی بات کی جا رہی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق جن سیلاب زدہ علاقوں میں سڑک یا کشتی سے پہنچنا مشکل ہے وہاں فوج کے ہیلی کاپٹر سے کھانے کے پیکیٹ پہنچانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار ماریشس کے دورے سے جمعرات کو پٹنہ لوٹنے کے بعد اپنے وزراء کے ساتھ میٹنگ کی اور آج وہ فضائی اور زمینی معائنہ کریں گے۔ نتیش کمار کا کہنا ہے کہ سیلاب قدرتی آفت ہے اور وہ نوٹس دے کر نہیں آتی۔ان کے مطابق ریاستی حکومت امداد کے کام میں پوری سنجیدگی سے لگی ہے۔ ریاست کے گورنر آر ایس گوئی نے ریڈ کراس سوسائٹی، غیر سرکاری تنظیموں اور دیگر امدادی اداروں سے مدد کی اپیل کی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ایک سو اسی ریلیف کیمپ لگائے گئے ہیں جن میں تقریباً بارہ ہزار افراد نے پناہ لے رکھی ہے۔
حکومت کے مختلف محکموں نے سیلاب زدہ علاقے کے لیے پینے کے پانی کا انتظام کرنے اور طبی امداد کے لیے ڈاکٹروں کی ٹیمیں بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت آج ہی پٹنہ ہائی کورٹ کو سیلاب زدگان کے لیے امداد کے کاموں کی تفصیل بتانے والی ہے۔ کورٹ نے جمعرات کو چوبیس گھنٹے میں یہ تفصیل طلب کی تھی تو حکومت کی جانب سے مزید وقت مانگا گیا۔ حکومت کے اس جواب پر اس معاملے کی سماعت کرنے والے ججوں نے کہا کہ یہ کام ویڈیو کانفرنسنگ سے ممکن ہے اور اس کام کے لیے مہلت نہیں دی جا سکتی۔ دوسری جانب حزب اختلاف کے رہنماؤں نے سیلاب سے نمٹنے میں حکومت کو پوری طرح ناکام قرار دیا ہے۔ مرکزی وزیر اور لوک جن شکتی پارٹی کے رہنما رام ولاس پاسوان نے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی معائنہ کرنے کے بعد کہا ہے کہ سیلاب سے بربادی دیکھ کر نہیں لگتا کہ ریاست میں انتظامیہ اپنی ذمہ داری ادا کر رہی ہے۔ | اسی بارے میں بہار: سیلاب میں ہلاکتوں کا خدشہ25 July, 2007 | انڈیا بہار: سیلاب سے11 لاکھ افراد متاثر 28 July, 2007 | انڈیا کشتی الٹنے سے اٹھائیس ہلاک01 August, 2007 | انڈیا سیلاب: ہلاکتیں اور سیاست02 August, 2007 | انڈیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||