BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 08 December, 2006, 19:57 GMT 00:57 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
اسد مفتی کا فن، کم الفاظ زیادہ بات

حمید اختر، کلدیپ نیّر، اسد مفتی، ایاز امیر اور آئی اے رحمان
ایسی کتابیں پاک و ہند کے عوام میں دوستی کےلئے ایک پل کا کام کرتی ہیں: کلدیپ نیّر
مغربی ممالک میں رہنے والے کسی بھی ادیب یا شاعر کی پاکستان یاترا یوں تو میڈیا کےلیے ایک اہم واقعہ ہوتی ہے لیکن اسد مفتی کی لاہور آمد پر جس طرح میڈیا نے انھیں چاروں طرف سے گھیرا، اس کا سبب غالباً یہ تھا کہ وہ اکیلے پاکستان نہیں آئے تھے بلکہ اپنی نو مطبوعہ کتاب بھی ساتھ لے کر آئے تھے۔

’جنگل میں فٹ پاتھ‘ ان کے اخباری کالموں کا مجموعہ ہے۔ جِس کی تقریبِ رونمائی لاہور کی الحمرا آرٹ کونسل میں ہوئی اور مہمانِ خصوصی کے طور پر بھارت سے معروف صحافی اور عوامی سفارت کار کلدیپ نیّر لاہور آئے۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسد مفتی ہالینڈ میں رہتے ہیں لیکن ٹیلی فون کے ذریعے ہندوستان اور پاکستان میں ہر اس شخص سے رابطہ رکھتے ہیں جو دونوں ملکوں کے عوام کو قریب لانے کے حق میں ہے اور اس سلسلے میں بساط بھر کوشش بھی کرتے رہتے ہیں۔

اسد مفتی
اسد مفتی حاظرین سے گفتگو کرتے ہوئے

کالموں کے اس مجموعے ’جنگل میں فٹ پاتھ‘ کا تعارف بھی کلدیپ نیّر ہی نے تحریر کیا ہے جس میں وہ لکھتے ہیں:

’اسد مفتی ایک ایسا انسان ہے جو اپنے زمانےسے پہلے پیدا ہوا۔ وہ کسی بھی انسان کے سامنے اپنی بھوری تیز نگاہیں جھُکانے کوتیار نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی تحریروں میں ایک بے باک، نڈر، کمیٹِڈ، حقیقت پسند اور حق گو انسان نظرآتا ہے‘۔

’اسد مفتی نے حقیقت پسندی کے ذریعے معاشرے سے مکالمہ نگاری کی ہے، جنگلوں کی جھاڑ جھنکار میں فٹ پاتھ تعمیر کرنے کی کوشش کی ہے، بہروں کی بستی میں موذن بننے کی کوشش کی ہے، اندھوں کے شہر میں آئینے بیچنے کی کوشش کی ہے۔ نابیناؤں کے درمیان دیدہ ور آنکھیں لے کر راستہ بنانے کی کوشش کی ہے، فرہاد بن کر ہندو پاک کی منجمد سرحدوں سے نہر نکالنے کی کوشش کی ہے۔ بس اب یہی تمنا ہے کہ پیار و محبت اور دوستی و بھائی چارے کی یہ نہر جاری و ساری رہے‘۔

مفتی کی حقیقت پسندی
 اسد مفتی نے حقیقت پسندی کے ذریعے معاشرے سے مکالمہ نگاری کی ہے، جنگلوں کی جھاڑ جھنکار میں فٹ پاتھ تعمیر کرنے کی کوشش کی ہے، بہروں کی بستی میں موذن بننے کی کوشش کی ہے، اندھوں کے شہر میں آئینے بیچنے کی کوشش کی ہے، فرہاد بن کر ہندو پاک کی منجمد سرحدوں سے نہر نکالنے کی کوشش کی ہے
کلدیپ نیّر

لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حقوقِ انسانی کے سرگرم رکن، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر اور نامور صحافی آئی اے رحمان نے کہا کہ اسد مفتی نے ذہنی پابندیوں کو کبھی قبول نہیں کیا اور یہی کشمکش اسے دورِ استبداد میں لاہور کی گلیوں سے نکال کر ہالینڈ کے کوچوں میں لےگئی۔

انھوں نے کہا کہ ’اسد مفتی ایک ایسا کالم نگار ہے جو کم سے کم الفاظ میں زیادہ سے زیادہ بات کہہ سکتا ہے اور پردیس میں بیٹھ کر بھی اسے اپنے وطن کے حالات اتنے شفاف انداز میں نظر آتے ہیں کہ یہاں کی گرد آلود فضا میں زندگی گزارنے والے قلم کار اس پر رشک کرتے ہیں‘۔

معروف قانون دان اور سابق وزیرِ قانون ایس ایم ظفر نے کہا کہ ’سچ بولنے کی پاداش میں سقراط کو زہر کا پیالہ پینا پڑا تھا اور جس صاف گوئی سے اسد مفتی گردوپیش کے حالات کا تجزیہ کرتا ہے وہ اس کے لیے سقراط کی علامتی اہمیت کو سہ چند کردیتی ہے‘۔

معروف صحافی اور کالم نگار ایاز امیر نے بھی اُن حالات پہ روشنی ڈالی جن میں آج کا قلم کار زندہ ہے۔ سوشلسٹ دانش ور اور بزرگ صحافی حمید اختر نے کہا کہ ’اسد مفتی ایک انتہائی دھانُسو قسم کی شخصیت ہے اور ہر طرح کے وقتی مصلحتوں سے ماورا ہوکر اور مدِ مقابل کی نگاہوں میں نگاہیں ڈال کر اپنی بات کہتا ہے، اور منواتا ہے‘۔

لاہور کے متعدد دانشوروں کے علاوہ تقریب میں سبھی اہم اخبارات اور ٹی وی چینلوں کے نمائندے موجود تھے اور عرصہ دراز کے بعد کسی کتاب کی رونمائی پر عمائدینِ شہر کی ایسی رونق دیکھنے میں آئی۔

اسی بارے میں
پاک بھارت تعلقات کے 60 برس
01 September, 2006 | فن فنکار
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد